اسلام آباد : جہانگیر ترین گروپ کے محمد اجمل چیمہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں ہماری ساری باتیں سنی ہیں اور کہا ہے کہ وہ میرٹ پر تفتیش کریں گے۔وزیراعظم نے ہماری ساری باتیں مانی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ایف آئی اے کی انکوائری مکمل ہوگی، اس کے بعد اگر آپ مطمئن نہیں ہوتے تو پھر جوڈیشل انکوائری کی طرف جا سکتے ہیں۔ اجمل چیمہ نے مزید کہا کہ کہ ہمارا ن لیگ سے کوئی رابطہ نہیں بلکہ ن لیگ کے کافی لوگ تحریک انصاف میں شامل ہو چکے ہیں۔ہمارا ہم خیال گروپ ہے مگر ہم اپنے لیڈر کے ساتھ مخلص ہیں۔اسی حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ جو ممبران اسمبلی وزیراعظم سے ملے ہیں اور باہر آکر راجہ ریاض نے جو گفتگو کی وہ بالکل مطمئن ہو کر آئے ہیں۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی کو ذاتیات پر ٹارگٹ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔عمران خان ان سے ملاقات کرنے والے ان کو اپنا لیڈر مانتے ہیں اس لئے انہیں یقین ہونا چاہیے کہ عمران خان کا بھی کوئی ناانصافی نہیں کرے گا۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کے ساتھیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ ہر صورت انصاف ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر کے ہم خیال گروپ کے ارکان نے ملاقات کی جس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی شرکت کی۔ ارکان نے وزیراعظم کے سامنے اپنا موقف پیش کیا اور جہانگیر ترین کے خلاف شوگر اسکینڈل مقدمات پر تحفظات کا اظہار کیا۔ بعدازاں ایم پی اے نذیر چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے تفصیل سے ہماری بات سنی اور ہم نے وزیراعظم کے سامنے تحفظات رکھے، وزیراعظم نے یقین دیانی کروائی ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، ہم نے مطالبہ کیا کہ شہزاد اکبر کی ٹیم سے کیسز لے کر غیر جانبدار ٹیم بنائیں۔