اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل واوڈا نے سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ” ابصار عالم ایک تیسرے درجے کا بے شرم، بد کردار اور نام نہاد صحافی ہے جو اپنی ” غیر نصابی سرگرمیوں” کا اعتراف کر رہا ہے۔ اس کی اتنی جرات کہ اداروں کے بارے میں بات کرے۔ نواز شریف کا فیڈر لے کر یہ اپنے قد سے بڑی بات کر رہا ہے۔” فیصل واوڈا نے کہا کہ وہ ابصار عالم کو گاجر کا تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ ایک صارف نے سوال کیا کہ آپ نے سب کو دینے کیلئے ایک ہی گاجر رکھی ہوئی ہے جس پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ انہیں ایک ہی گاجر کافی ہے۔
خیال رہے کہ کچھ روز پہلے اسلام آباد میں ابصار عالم پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔ جس کے بعد بعض صحافیوں نے آرمی چیف سے ملاقات میں یہ معاملہ اٹھایا تو انہوں نے اس معاملے سے فوج کے بری الذمہ ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ انہوں نے تمام ایجنسیز کو کہا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ آرمی چیف کی صحافیوں سے آف دی ریکارڈ ہونے والی گفتگو کے کچھ حصے منظر عام پر آنے کے بعد ابصار عالم نے ٹوئٹر پر پیغام میں دعویٰ کیا کہ انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔