اسلام آباد : آزاد کشمیر کے آمدہ عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹوں کے لئے موزوں امیدواروں کے چناؤ کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی نے انٹرویوز شروع کردئیے۔ تفصیلات کے مطابق زرداری ہاؤس میں پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سید نیر حسین بخاری،راجہ پرویز اشرف،قمر زمان کائرہ، چوہدری لطیف اکبر، چوہدری عبدالمجید،چوھدری محمد یاسین،چوہدری پرویز اشرف، سردار قمر الزمان،فیصل ممتاز راٹھور،سردار جاوید ایوب ،میاں عبدالوحید،نبیلہ ایوب،چوہدری فخر الزمان اور عامر غفار لون نے شرکت کی جبکہ فریال تالپورانچارج سیاسی امور پی پی پی ازادکشمیر وڈیو لنک پر موجود رہیں اور عامر ذیشان جرال کنڈکٹ کرتے رہے۔
اجلاس میں مظفرآباد ڈویژن کی نو نشستوں کیلئے 59 امیدواروں سے انٹرویو لئے گئے۔ 24 اپریل بروز ہفتہ پونچھ ڈویژن، 25 اپریل بروز اتوار میرپور ڈویژن اور 26اپریل بروز سوموار جموں ویلی سے دن ایک بجے امیدواروں سے انٹرویو لئے جائیں گے۔پارلیمانی بورڈ کی طرف سے جملہ اْمیدواران کو ہدایت کی گئی ہے کہ انٹرویو کے لئے بروقت تشریف لائیں اور کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔