Friday November 29, 2024

چین کا کوئٹہ حملے پر ردِعمل، حملے کی شدید مذمت حملہ ہوا تو چنی وفد ہوٹل میں نہیں تھا۔چین پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

اسلام آباد : گذشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے حملے پر چین کا ردِعمل آ گیا۔چین نے کوئٹہ کے سرینہ ہوٹل پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چین دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔جاں بحق ہونے والوں سے اظہار تعزیت اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کرتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ اسی دن علاقے میں ایک وفد کی قیادت کر رہے تھے۔جب حملہ ہوا تو چنی وفد ہوٹل میں نہیں تھا۔ابھی تک کسی چینی شہری کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں مشترکہ طور پر علاقائی، سلامتی اور استحکام کے قیام اور فروغ کے لیے اور پاکستان میں چینی شامل عملے اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے چین پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی چوک کے قریب زرغون روڈ پر نجی ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 15 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نصیب ﷲ، پولیس اہلکار شجاعت عباسی، ہوٹل سیکورٹی گارڈ اسد ﷲ، شفٹ منیجر شاہ زیب اور محکمہ جنگلات کا ملازم ایمل کاسی کے ناموں سے ہوئی ۔ زخمیوں میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کوئٹہ اعجاز احمد ،اسسٹنٹ کمشنرجعفر آباد بلال شبیر ،عطاء اللہ ،راجہ طاہر، عرفان ،عبدالحمید،محمدنور، وزیر ،بلال قادر،خدابخش ، مزمل خان شامل ہیں۔ ۔ وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ دھماکے میں پولیس اہلکاربھی زخمی ہوئے ۔ دھما کے کے وقت ہوٹل میں چینی سفیر موجود نہیں تھے ، چینی سفیر خیریت سے ہیں۔ دوسری جانب ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرام نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز ہوٹل کی پارکنگ میں ہونے والے دھماکے میں 40 سے 50 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا ۔

FOLLOW US