تل ابیب: اسرائیل کی سرکاری میزائل فیکٹری میں دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے اٹھنے والے شعلے میلوں دور تک دیکھے گئے۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق دھماکہ سرکاری میزائل فیکٹری تومر میں ہوا ہے جہاں راکٹ اور میزائلوں کے انجن بنائے جاتے ہیں۔ دھماکے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک تجربے کا نتیجہ تھا جو مکمل طور پر کنٹرولڈ تھا اسی لیے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی ہیں۔ اسرائیلی میڈیا نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے باعث ایرانی میڈیا میں اس دھماکے کو اس طرح پیش کیا گیا جیسے یہ کوئی سبوتاژ کی کارروائی تھی۔