کراچی : ڈالر کی قیمت پھر سے بے قابو ہونے لگی، ایک ہی دن میں پاکستانی روپے کی قدر میں بڑی گراوٹ، امریکی کرنسی کی قیمت دوبارہ سے 153 کی سطح سے تجاوز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق مقامی کرنسی مارکیٹوں میں بدھ کو بھی روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق بدھ کے روز روزانٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید20پیسے کے اضافے سے152.90روپے سے بڑھ کر153.10روپے اور قیمت فروخت153روپے سے بڑھ کر153.20روپے ہو گئی۔ اسی طر ح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید30پیسے کے اضافے سے152.90روپے سے بڑھ کر153.20روپے اور قیمت فروخت153.20روپے سے بڑھ کر153.50روپے ہو گئی۔
دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید183.50روپے سے گھٹ کر182.80روپے اور قیمت فروخت185روپے سے گھٹ کر184.50روپے ہو گئی۔ جب کہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید213روپے سے گھٹ کر212روپے اور قیمت فروخت214.50روپے سے گھٹ کر214روپے ہوگئی۔ دوسری جانب رواں مالی سال کے دوران حکومت کی جانب سے حاصل کیے گئے غیر ملکی قرضوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔ حکومت پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں 7 ارب 20 کروڑ ڈالرز کا بیرونی قرضہ لیا،گزشتہ مالی سال کی نسبت 92 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز زیادہ فنڈز حاصل ہوئے جبکہ 4 ارب 12 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرضہ واپس کیا گیا۔ اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا فروری 3 ارب 11 کروڑ ڈالرز کا بیرونی کمرشل قرض موصول ہوا۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھی 1ارب 35 کروڑ ڈالرزکا قرضہ لیا گیا۔ چین نے پاکستان کو سیف ڈیپازٹس کی مد میں 1 ارب ڈالرز فراہم کئے۔ بیرونی ادائیگیوں کے بعد حکومت کو نیٹ قرض کی مد میں 3 ارب ڈالرز ملے۔ رپورٹ کے مطابق 7 ماہ کے دوران حکومت نے 4 ارب 12 کروڑ ڈالرز کا بیرونی قرضہ واپس بھی کیا۔