Wednesday November 27, 2024

سعودی شہر جدہ کی ایک سڑک کا نام پاکستانی شہری کے نام پر کیوں رکھا گیا ہے؟

جدہ: سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی روزگار کی خاطر مقیم ہیں جو اپنی محنت اور لگن کے ذریعے کئی دہائیوں سے سعودی مملکت کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔تاہم کچھ پاکستانی اتنے زیادہ مشہور ہوئے کہ کچھ سڑکوں کے نام بھی ان سے منسوب کر دیئے گئے ہیں۔ہم آپ کو پاکستان کے لیے باعث افتخار بننے والے ایک ایسے ہی شخص کے بارے میں بتائیں گے جسے ہمارے یہاں تو شاید کوئی نہیں جانتا، مگر سعودی عوام اس کی بہادری کا آج بھی احسان مندی کے ساتھ ذکر کرتے ہیں۔ ایسا ہی ایک پاکستانی فرمان علی خان تھا جس نے انسانیت کی مدد کی خاطر اپنی جان قربان کر دی جس کا آج کئی سال بعد بھی سعودی عوام اعتراف کرتے ہیں۔

اُردو نیوز کے مطابق اہل جدہ ہی نہیں بلکہ سعودی عرب کا ہرباشعور فرد 7 دسمبر 2009 کے دن کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے جب جدہ میں طوفانی بارش کی وجہ سے آدھا شہر زیر آب آگیا تھا۔
ایسے میں وادی سوات کے ایک جوان نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے 14 افراد کو تیز رو برساتی ریلے سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فرمان علی خان تیزرو برساتی پانی کی پروا نہ کرتے ہوئے 15ویں شخص کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے کہ کہ وہ خود بھی اس ریلے میں بہہ گئے۔ سعودی حکومت کی جانب سے فرمان علی خان کو قومی ہیرو کا درجہ دیا گیا اور اسے مملکت کا ا?علی ترین سول ایوارڈ ’شاہ عبدالعزیز میڈل درجہ اول‘ دیا گیا۔ ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر فرمان علی خان کی خدمات کے اعتراف میں خیبر پختون خواہ میں وادی سوات میں صحت مرکز کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ جدہ کے علاقے ’قویزہ‘ کی اہم شاہراہ جہاں وادی سوات کا یہ جوان تیز وتند سیلابی ریلے سے لوگوں کو بچاتے ہوئے خود بھی اس کی نذر ہوگیا تھا کو’شارع فرمان علی‘ کا نام دیا گیا۔ اہل جدہ کے لیے فرمان علی خان ایک ہیرو ہے۔جب بھی فرمان علی کا نام آتا ہے ،جدہ کے لوگ اس کی عظمت اور بہادری کی مثال دیتے ہیں ساتھ ہی یہ بھی کہتے ہیں ’ بطل باکستانی فرمان علی خان‘۔

FOLLOW US