لاہور : صنم جنگ ورزش اور ڈائٹ پلان کے ذریعے اپنی فٹنس کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں ، انہوں نے اپنی بیٹی کی پیدائش کے فوری بعد ہی وزن میں نمایاں کمی کر کے مداحوں کو متاثر کیا تھا ، عوامی توجہ کی مرکز 33سالہ اداکارہ اپنی دلکش مسکراہٹ اور دیدہ زیب شخصیت کیساتھ اپنے فن کا لوہا منوا چکی ہیں ، با صلاحیت اداکارہ اب دوسروں کو بھی وزن کم کرنے کی ترغیب دے رہی ہیں ۔ حال ہی میں انہوں نے اپنے یو ٹیوب چینل پر ایک نیا وی لاگ اپ لوڈ کیا جو کہ اضافی وزن کو کم کرنے اور ایک صحت مند لائف سٹائل اپنانے سے متعلق تھا ۔ صنم جنگ نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک مستند ماہر خوراک ڈاکٹر اریج ہارون ماہ رمضان میں خوراک کے درست استعمال کے ذریعے وزن میں کمی کی ٹپس دے رہی ہیں ۔
ڈاکٹر اریج نے مشورہ دیا کہ وہ لوگ جو اپنے وزن میں کمی چاہتے ہیں وہ سحری کے وقت اٹھ کر پانی پئیں جبکہ سپائسی اور پراٹھا جیسی تلی ہوئی چیزوں سے اجتناب کریں۔چائے ، کافی اور کولڈ ڈرنک کو سحری میں استعمال نہ کریں ، چائے کے شوقین افراد کو اگر چائے پینا بھی ہے تو بغیر چینی اور بغیر تیز دودھ کے پئیں۔ ڈاکٹر اریج ہارون کے مطابق ذیل میں دیے گئے افطار ڈائٹ پلان کے ذریعے رمضان میں چار سے پانچ کلو گرام وزن آسانی سے کم کیا جا سکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ افطار کے وقت ایک گلاس لیموں پانی اور پھل استعمال کریں ۔ مکس فروٹ سیلڈ اور سفید چینی کے استعمال سے پرہیز کریں ۔