سرگودھا: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جہانگیرترین سمیت سب کی بات سننے کیلئے تیار ہیں، ایف آئی اے انکوائری رپورٹ میں بڑی خوفناک چیزیں سامنے آئیں، شوگر ملز نے عوام کی جیبوں سے 130 ارب نکال لیے، قیمتیں بڑھاتے ٹیکس بھی نہیں دیتے تھے، پھر بھی تحفظات ہیں تو سن سکتے ہیں، لیکن قانون سب کیلئے برابر ہے۔ وزیراعظم عمران خان سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ ’’کیا جہانگیرترین سے فاصلے بڑھ گئے ان کی ملاقات کی درخواست پر انہیں سنا جائےگا؟‘‘ جس پر وزیراعظم نے کہا کہ سب کی بات سننے کو تیار ہیں ان کو سمجھنا چاہیے ایسا کیوں ہورہا ہے۔ سواسال میں چینی کی قیمت 26 روپے بڑھ گئی،
چینی کی قیمت بڑھا کر عوام کی جیبوں سے 120 سے 130 ارب نکالے گئے، عوام کی جیبوں سے نکالے گئے 130 ارب شوگر ملز کے پاس چلے گئے۔ حکومت کا کام عوام کی حفاظت کرنا ہے۔ جب عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھا تو حکومت نے ایکشن لیا۔ اگر کسی کو تحفظات ہیں تو اس کو سن سکتے ہیں۔ ملک میں قانون کی بالادستی قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ایف آئی اے سے انکوائری کروائی تو بڑی خوفناک چیزیں سامنے آئیں۔ ایف آئی اے رپورٹ میں سامنے آیا شوگر ملز نے مل کر کارٹل بنایا ہوا تھا اور قیمتیں بڑھائیں۔ یہ لوگوں کا خون چوستے، پیسے بناتے اور ٹیکس بھی نہیں دیتے تھے، رپورٹ میں سامنے آیا کہ چینی انڈر ڈکلیئر کی جاتی تھی۔ شوگراسکینڈل سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ سامنے آگئی ہے اب کسی کو تحفظات ہیں تو ہم ان کو دیکھ سکتے ہیں۔ یاد رکھیں یہ نہیں ہوسکتا کہ ملک میں قانون کی بالادستی قائم نہ ہو، قانون کی بالادستی کا مطلب ملک میں طاقتور اور کمزور کیلئے ایک ہی قانون ہے۔ یہ ملک کے ساتھ تباہی ہوگی اگر طاقتور کیلئے ایک قانون اور کمزور کیلئے دوسرا قانون ہو۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں موجود غریبوں کی چوری اکٹھی بھی کرلیں تو 2 سے 3 ارب روپے ہوگی۔ لیکن ملک میں اصل تباہی طاقتور اور کرپٹ لوگ کرتے ہیں۔ انہوں نے شہبازشریف کے کیس پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا۔