Friday November 29, 2024

قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ 24 گھنٹوں کے لیے موبائل اور انٹر نیٹ سروس بند رہے گی ، وزیر داخلہ

اسلام آباد: حکومت نے قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ، جس میں مذہبی جماعت کے احتجاج کی صورتحال کے حوالے سے غور کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قانون توڑنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ، راستے کھلوانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے ، جہاں حالات خراب ہوں وہاں 24 گھنٹوں کے لیے موبائل اور انٹر نیٹ سروس بند رہے گی۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں مذہبی تنظیم کے احتجاج میں شدت کے باعث صوبہ پنجاب میں پیراملٹری فورسز کو طلب کر لیا گیا ، پیراملٹری فورسز کو طلب کیے جانے کے بعد لاہور کی مختلف سڑکوں پر پولیس ،

ایلیٹ فورس اور رینجرز کی گاڑیوں کی جانب سے گشت شروع کردیا گیا ، جب کہ محکمہ داخلہ پنجاب کے احتجاج اور دھرنے ختم کروانے کے لیے مذاکرات بھی جاری ہیں جب کہ ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کے احتجاج سے دوسرے روز بھی ٹریفک درہم برہم ہے ، کراچی سمیت پنجاب کے بعض شہروں میں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، کراچی اور دیگر شہروں میں اہم شاہراہیں بند ہیں، کچھ شہروں میں ٹریفک جزوی بحال کر دی گئی، بیشتر میں حالات بدستور خراب ہیں ، لاہور میں چونگی امرسدھو، فیروزپور روڈ، قصور روڈ، یتیم خانہ چوک، شاہدرہ، درواغہ والا، بیگم کوٹ، امامیہ کالونی، سکیم موڑ میں تاحال مظاہرین سڑکوں پر ہیں، لوگوں کو سڑکوں کی بندش سے مشکلات کا سامنا ہے ، کراچی، حیدر آباد، پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاج کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔

FOLLOW US