کولمبو : طلاق یافتہ ہونا ایسا داغ ہے کہ یہ دنیا بھر کے کسی بھی معاشرے میں عورت کو عزت کی زندگی نہیں جینے دیتا۔اس وقت سری لنکا میں مس سری لنکا کے لیے ہونے والے ملکی سطح کے مقابلے میں جب ایک ایسی خاتون ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہو گئی کہ جو طلاق یافتہ تھی تو اس کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا اسے پوری دنیا نے دیکھا۔ مسز سری لنکا 2021 کی فاتح پشپیکا ڈی سلوا کو تاج پہنایا گیا تاہم کچھ ہی دیر بعد سابق ملکہ حسن نے فاتح حسن کو طلاق یافتہ ہونے پر مقابلے سے باہر کرتے ہوئے تاج رنراپ کے سر پر سجا دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبو میں شادی شدہ خواتین کے مقابلہ حسن کے سب سے بڑے ایونٹ ”مسز سری لنکا“ کی فاتح پشپیکا ڈی سلوا کی کامیابی کا اعلان کیا گیا اور اسٹیج پر تاج بھی پہنایا گیا۔ یہ مناظر سرکاری ٹیلی وژن پر براہ راست دکھائے جا رہے تھے۔پروگرام میں اُس وقت بدمزگی پیدا ہوگئی جب 2019 کی فاتح حسینہ کیرولین جوری نے پشپیکا ڈی سلوا پر طلاق یافتہ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے تاج اتار کر رنر اپ کے سر پر سجا دیا اور انتظامیہ کو یاد دلایا کہ مقابلے کے قانون کی رو سے مقابلے میں شادی شدہ خواتین حصہ لے سکتے ہیں، طلاق یافتہ نہیں۔ پشپیکا ڈی سلوا تاج اترنے کے بعد ناراض ہو کر اسٹیج سے واپس چلی گئیں۔ تاج اتارنے کے دوران ان کے سر پر چوٹیں بھی آئی ہیں۔ پشپیکا نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں وضاحت دی کہ میری شوہر سے طلاق نہیں صرف علیحدگی ہوئی ہے۔پشپیکا نے کہا کہ یہ درست ہے میں علیحدہ رہتی ہوں لیکن ابھی ہمارے درمیان طلاق نہیں ہوئی ہے۔ طلاق اور علیحدگی دو الگ معاملات ہیں۔مقابلہ حسن کے منتظمین نے پشپیکا کی وضاحت کے بعد چھان بین کی اور مسز ڈی سلوا کو سچا پایا جس کے بعد نہ صرف معذرت کی بلکہ پشپیکا کو دوبارہ تاج لوٹا دیا گیا۔ مسز سری لنکا کا شمار ملک کے بڑے مقابلوں میں ہوتا ہے جس میں ملک کے وزیر اعظم کی اہلیہ نے بھی شرکت کی تھی۔