کیلی فورنیا : رواں برس سے امریکہ کی باگ ڈور جوبائیڈن کے ہاتھ میں ہے جو کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر براجمان ہوا ہے۔ان کی اہلیہ نہایت ہی نفیس اور زندہ دل خاتون ہیں۔ امریکہ جیسے طاقتور ملک کے صدر جوبائیڈن کی اہلیہ جل بائیڈن ایک زندہ دل خاتون ہیں اور وہ اکثر اپنے قریبی لوگوں کے ساتھ ہنسی مذاق کرتی رہتی ہیں۔ گزشتہ دنوں انہوں نے جہاز میں ساتھ بیٹھے ہوئے کچھ صحافیوں سے شغل کیا جس پرجہاز میں موجود سبھی افراد حیران رہ گئے۔کیلی فورنیا سے واشنگٹن آنے والی پرواز میں امریکی صدر جوبائیڈن کی اہلیہ نے طیارے میں ساتھ سفر کرنے والے صحافیوں سے چھوٹا سا مذاق کر کے ”اپریل فول ڈے“ منایا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کی اہلیہ جل بائیڈن اپنی کتاب میں اس بات کا تذکرہ کرچکی ہیں کہ وہ لوگوں سے پرینک (مذاق) کرکے لطف اندوز ہوتی ہیں اور دوسروں کو بھی ہنسنے کا موقع دے کر خوشی محسوس کرتی ہیں۔ شاید صحافیوں نے امریکی خاتون اوّل کی کتاب نہیں پڑھی تھی اور نہ انہیں یہ یاد رہا کہ یکم اپریل کو عالمی سطح پر اپریل فول منایا جاتا ہے اسی لیے وہ بڑی آسانی سے جل بائیڈن کے پرینک کا شکار بن گئے۔دوران پرواز مسافروں کو کھانا پیش کرنے کے بعد آئسکریم پیش کرنے سیاہ بالوں والی خاتون ایئرہوسٹس آئیں جن کے لباس پر نام جیسمین لکھا ہوا تھا، جیسمین نے سیاہ ماسک لگایا ہوا تھا اور سیاہ ہی کپڑے پہنے ہوئے تھے۔آئس کریم پیش کرنے کے بعد جیسمین نے اپنے سیاہ بالوں والی وگ اتار کر ماسک ہٹایا اور ہنستے ہوئے کہا اپریل فول۔۔۔ یہ ایئرہوسٹس کوئی اور نہیں بلکہ امریکی خاتون اوّل جل بائیڈن تھیں۔امریکی خاتون اول کی اس زندہ دلی پر تمام صحافی بھی بے ساختہ ہنس پڑے۔