اسلام آباد : ایف آئی اے نے سٹہ مافیا کے واٹس ایپ گروپ سے ملک بھر میں ایک ہزار چینی مافیا کا ریکارڈ تلاش کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سٹہ مافیا کا ریکارڈ تلاش کرلیا ہے۔ ریکارڈ میں حیران کُن انکشافا ت ہوئے ہیں۔ ایف آئی اے کے تلاش کیے گئے ریکارڈ میں انکشاف ہوا کہ چینی کا چھوٹا سٹہ باز بھی روزانہ 5 سے 10 لاکھ روپے کما رہا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سٹہ مافیا کے واٹس ایپ گروپ سے ملک بھر میں ایک ہزار چینی مافیا کا ریکارڈ مل گیا ہے۔ذرائع کے مطابق چینی مافیا میں 30 سے زائد شوگر ملز کے ملوث ہونے کے شواہد مل گئے ہیں
جبکہ 40 بڑے چینی مافیا کے اکاؤنٹس میں موجود 106 ارب میں سے 32 کروڑ روپے منجمد کروا دیے گئے ہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ چینی مافیا کے مزید 392 بے نامی اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں، 392 اکاونٹس میں 622 ارب کی ٹرانزیکشنز کی گئی اور بےنامی اکاؤنٹس میں موجود 7 ارب روپے منجمد کروا دیے گئے ہیں۔ چند روز قبل ڈائریکٹر ایف آئی اے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بعض سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنما بھی چینی مافیا کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ شوگر سٹہ مافیا کا رمضان میں سٹے کے ذریعے قیمتیں مزید بڑھانے کی سازش کا انکشاف ہوا تھا۔ ایف آئی اے شوگر مافیا کے بہت بڑا مالیاتی فراڈ، جعل سازی، منی لانڈرنگ نیٹ ورک سامنے لایا تھا۔ جس کے بعد حکومت نے شوگر سٹہ مافیا کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا۔ ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے 32 موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ ایف آئی اے نے شوگر سٹہ مافیا کے سرکردہ ارکان کے اکاونٹس کی چھان بین کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مصنوعی قیمت اور سٹہ بازی کے ذریعے چینی ک قیمت کو مسلسل بڑھایا جا رہا ہے۔ےسٹہ مافیا نے ایک سال کے دوران سٹے کے ذریعے 110 ارب روپے کمائے۔
شوگر سٹہ مافیا کے خلاف تحقیقات کی نگرانی ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور کریں گے۔سٹی بازی کی پشت پناہی کرنے والوں میں ترین گر وپ اور حمزہ گروپ بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں میں شوگر مافیا کی ملی بھگت کی وجہ سے چینی کی قیمتیں آسمانوں کو چھونے لگی ہیں۔ چینی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے حکومت نے بہت سے اقدامات اٹھائے، لیکن تمام کاوشیں بے سود ثابت ہوئیں۔