Thursday September 18, 2025

شیخ رشید نے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے الیکشن میں پیسہ چلنے کا اعتراف کر لیا حکومتی امیدوار کی طرف سے پیسہ چلا،ریٹ بڑا ہائی تھا اس لئے مرزا آفریدی جیت گئے

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے الیکشن میں پیسہ چلنے کا اعتراف کر لیا۔۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا الیکشن ساٹ ووٹوں سے ہارے،میں نے انہیں پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ آپ نہیں جیت سکتے کیونکہ ریٹ بہت ہائی ہے۔ ریٹ ہائی ہے اس لیے مجھے آپ کی جیت دکھائی نہیں دے رہی۔صحافی نے سوال کیا کہ چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے الیکشن میں بھی پیسہ چلا ہے جس پر شیخ رشید نے جواب دیا

کہ میرے خیال سے چلا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چئیرمین کا تو مجھے نہیں پتہ لیکن ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے الیکشن میں حکومتی امیدوار کی طرف سے پیسہ چلا،عبدالغفور حیدری کے ووٹ کسی وجہ سے کم ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ جمعہ کے روز چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین سینیٹ الیکشن میں حکومت اپوزیشن کو اپ سیٹ شکست دینے میں کامیاب ہوئی۔ پہلے ہوئی پولنگ میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی 48 ووٹ حاصل کر کے چئیرمین سینیٹ منتخب ہو گئے۔ یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ حاصل کیے جب کہ یوسف رضا گیلانی کے 8 ووٹ مسترد بھی ہوئے۔ حکومتی سینیٹرز نے چئیرمین سینیٹ کا اعلان ہوتے ہی جشن منانا شروع کر دیا جب کہ اپوزیشن ارکان کی جانب سے نعرے بازی کی گئی۔ جبکہ بعد میں حکومتی اتحاد کے امیدوار مرزا محمد آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔ ایوان بالا میں ڈپٹی چیئرمین کے الیکشن میں 98 سینیٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا ، پولنگ مکمل ہونے کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نتائج کا اعلان کیا ، جن کے مطابق حکومتی امیدوار مرزا محمد آفریدی نے 54 ووٹ حاصل کیے اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے امیدوار مولانا عبدالغفورحیدری 44 ووٹ حاصل کرسکے جب کہ 98 ووٹوں میں سے کوئی ایک بھی ووٹ مسترد نہیں ہوا ، جس کے ساتھ ہی مرزامحمد آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے۔