اسلام آباد : وزیر داخلہ نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کی حکمراں جماعت پیپلز پارٹی کو بڑی سیاسی دھمکی دی ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ اگر پی ڈی ایم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کوئی حرکت کرتی ہے تو اس کا جواب سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کی صورت میں دیا جائے گا۔ پی ڈی ایم نے جوڈو کراٹے کرنے کی کوشش کی تو اس کا جواب سندھ میں دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ کا مزید کہنا ہے
کہ انہوں نے وزیراعظم کو اپوزیشن کیساتھ معاملات طے کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ عمران خان کو کہا ہے کہ ڈھائی سال گزر چکے لہذا اب ساری اپوزیشن کیساتھ بات چیت کریں اور معاملات کو آگے بڑھائیں۔ جو سیاست میں بات چیت کا دروازہ بند کرے وہ سیاستدان ہی نہیں ہے، میں چاہتا ہوں کہ تمام سیاسی جماعتوں سے بات کیا جائے۔ شیخ رشید کے مطابق اب وزیراعظم نے بھی خود کہ دیا ہے کہ پی ڈی ایم کی ٹوٹ پھوٹ پر کوئی بیان نہیں دینا، عمران خان نے ڈھائی سالوں میں پہلی مرتبہ ایسی بات کی ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے استعفوں کے معاملے پر وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ اگر اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلیوں سے استعفے دیے تو پھر فوج کی تعیناتی کے بنا ضمنی الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہو پائے گا۔ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آصف زرداری ہوشیار آدمی ہیں، جبکہ ن لیگ بھی پنجاب میں عثمان بزدار کیساتھ ہے۔ پنجاب میں عثمان بزدار کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے، وزیراعظم ان کیساتھ ہیں۔ عمران خان اس وقت پراعتماد اور مطمئن دکھائی دے رہے ہیں، حکومت اور فوج کے درمیان معاملات کبھی اتنے اچھے نہیں دیکھے جتنے اب ہیں۔