Thursday January 16, 2025

کسان اتحاد کا مطالبات تسلیم نہ ہونے پر 31 مارچ کو اسلام آباد کا رُخ کرنے کا اعلان

اسلام آباد : پاکستان کسان اتحاد نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں 31 مارچ کو اسلام آباد کا رُخ کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے قصبے حجرہ شاہ مقیم میں ٹریکٹر مارچ کیا گیا ، اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی سیکرٹری جنرل چوہدری حسان اکرم نے کہا کہ اگر حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے اور مطالبات تسلیم نہ کیے تو 31 مارچ کو پنجاب بھر سے ہزاروں کسان ٹریکٹر ٹرالیوں پر سوار ہو کر اسلام آباد کا رخ کریں گے جہاں دمام دم مست قلندر ہوگا اور کسان مطالبات کی منظوری تک دھرنا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے مہنگائی کو کنٹرول میں کرے ، کھاد بیج سمیت تمام زرعی مداخل کے ریٹس کو کم کیا جائے ، جب کہ بھارت سے زرعی اجناس درآمد نہ کی جائیں ، اور بجلی بلوں پر ناجائز ٹیکس اور بقایا جات ختم کیے جائیں۔ قبل ازیں صوبہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ کے قصبے حجرہ شاہ مقیم میں پاکستان کسان اتحاد زیر اہتمام حجرہ شاہ مقیم اور تحصیل بھر سے اوکاڑہ تک ٹریکٹر مارچ کیا گیا جس میں سیکڑوں ٹریکٹروں پر سوار کسانوں نے حکومت مخالف نعرے بازی کی ، ٹریکٹر مارچ کے دوران قصور ملتان روڈ اور اوکاڑہ دیپالپور روڑ بلاک ہو گئے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب بھارتی کسانوں نے ملک بھر میں سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کردیا ، غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں زرعی قوانین کیخلاف 2 ماہ سے احتجاج کرتے کسانوں نے نئی حکمت عملی کا اعلان کردیا ، سنیوکت کسان مورچہ کی اہم میٹنگ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کسان تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا ، اور کل سے ملک بھر میں سول نافرمانی کی تحریک چلائی جائے گی ، سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز راجستھان سے کیا جائے گا۔

اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے سنیوکت کسان مورچہ نے اعلان کیا ہے کہ 18 فروری کو دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک ریل روکو مہم چلائی جائے گی، جب کہ 12 فروری کو ریاست راجستھان کے تمام ٹول پلازہ کو ٹول فری کروایا جائے گا ، کسان اتحاد کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 14 فروری کو پلوامہ حملے میں ہلاک ہونے جوانوں کو یاد کیا جائے گا، اس کے لیے ملک بھر میں موم بتی مارچ، مشعل جلوس اور دیگر پروگرامز کا انعقاد ہوگا جب کہ اسی سلسلے میں 16 فروری کو کسان رہنما سر چھوٹو رام کی پیدائش کے دن ملک بھر میں موجود کسان اتحاد کا مظاہرہ کریں گے۔

FOLLOW US