Tuesday May 13, 2025

پیپلز پارٹی سمیت پی ڈی ایم کی 3 جماعتوں نے اسمبلیوں سے استعفے دینے سے صاف انکار کر دیا

اسلام آباد : سینئر صحافی اورتجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت پی ڈی ایم کی 3جماعتوں نے اسمبلیوں سے استعفے دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عارف حمید بھٹی نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی اور دو اور جماعتوں نے صاف کہا ہے کہ ہم اسمبلیوں سے استعفے نہیں دیں گے، کیا ہم مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کے ذاتی غلام ہیں۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عارف حمید بھٹی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت میں بہت زیادہ اندرونی مداخلت شروع ہوگئی ہے

کہ آپ نے تباہ کردیا ہے جماعت کو اور مریم نواز کے ہاتھوں یرغمال بنا دیا ہے۔عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف اور آصف زرداری سے کہا کہ میں ایسے صدارت نہیں رکھنا چاہتا جس کے فیصلے مریم نواز اور بلاول نے کرنے ہیں، لہٰذا لانگ مارچ میں آپکا ساتھ نہیں دے سکتا جب تک مجھے استعفے نہ دیں۔ واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے چیئرمین سینٹ کے انتخابات میں اپنے امیدوار کی شکست کے بعد کراچی سے لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ پی ڈی ایم نے 26 مارچ سے کراچی سے لانگ مارچ کرنا ہے، جو اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گا۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لانگ مارچ کرنے سے قبل اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اسمبلیوں سے استعفیٰ دے دیں تا کہ حکومت کے خلاف تحریک کو بھرپور طریقے سے چلایا جا سکے، اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسمبلیوں سے استعفے دینے یا نہ دینے کا فیصلہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے کریں گے، جبکہ ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے عندیہ دیا کہ ن لیگ کے اراکین اسمبلی استعفے نہیں دیں گے۔