Tuesday April 30, 2024

کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی، اسلام آباد کے تین علاقے مکمل طور پر سیل

اسلام آباد : کورونا وائرس کی تیسری لہر شدید، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر کے تین علاقوں کو مکمل طور پر بند کردیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کے تین سب سیکٹرز کو سیل کردیا گیا ہے ۔ سیل کیے جانے والے سب سیکٹرز میں آئی ایٹ فور، ایف الیون ون، اور آئی ٹین ٹو شامل ہیں ۔ ان سب سیکٹرز کو آج رات سے سیل کیا جا رہا ہے ۔ ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد کاروباری علاقوں ،

پارکس کو جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی انڈور سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی، تمام دفاتر صرف 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کریں گے، اس سے زیادہ تعداد کو دفتر بلانے پر کارروائی کی جائے گی ۔ بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں آؤٹ ڈور تقریبات میں صرف 300 لوگوں کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے جو کہ صرف 2 گھنٹے کے لیے دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ دارالحکومت میں ہونے والے تمام اجتماعات اور تہوار منسوخ کردیے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں تہواروں اور اجتماعات کیلئے جاری کیے گئے این او سی واپس لئے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2664 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 5 ہزار 200 ہوچکی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 21 ہزار 121 ہوگئی، این سی او سی کی جانب سے ملک میں 24گھنٹے میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنےکی شرح 6.56 فیصد تک پہنچ گئی۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 32 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 13 ہزار 508 ہوگئی۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 40 ہزار 564 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 94 لاکھ 85 ہزار 702 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

ملک بھر کے 735 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 1805 کیسز تشویشناک نوعیت کے ہیں۔ دوسری جانب کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھی 4 روز کیلئے بند کردیاگیا ہے ۔ جبکہ ملک کے کئی شہروں میں جزوی اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے ۔ لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے متعدد علاقوں میں جزوی لاک ڈاؤن جبکہ صوبہ پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں کو بھی دو ہفتوں کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔ حکومتی سطح پر کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

FOLLOW US