Friday November 29, 2024

سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خبر، تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے لئے سفارشات تیارکر لی گئیں

اسلام آباد : سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری، تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے لیے سفارشات تیار کر لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے لیے پے اینڈ پینشن کمیشن نے سفارشات تیار کر لی ہیں۔ پے اینڈ پینشن کمیشن نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ تنخواہوں اور پینشن کے موجودہ نظام سے حکومتی اخراجات بڑھ رہے ہیں، کمیشن نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ حکومتی اخراجات کنٹرول کرنے کے لئے باقاعدہ ایک مربوط نظام کی ضرورت ہے، جس کے بغیر حکومتی اخراجات کو کم نہیں کیا جا سکتا۔

گزشتہ کئی برسوں سے ایک مربوط نظام مرتب نہ ہونے کی وجہ سے حکومت پر سرکاری ملازمین کی پینشنز اور تنخواہوں کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے، لیکن کسی بھی حکومت نے اِس حوالے سے کوئی موثر اقدامات نہیں اُٹھائیں ہیں، تاہم اب پے اینڈ پینشن کمیشن نے اپنی سفارش حکومت کے سامنے رکھی ہیں، جس میں نہ صرف سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے سفارشات پیش کی گئی ہیں، بلکہ حکومت سے ایک مکینزم بنانے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پے اینڈ پینشن کمیشن نے ملازمین کی تنخواہوں میں فرق ختم کرنے اور جاب اسٹرکچر پر سفارشات تیار کی ہیں، کمیشن نے ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافے، مراعات اور پینشن کا معاہدہ جاری رکھنے کی سفارش کی ہے۔وزارت خزانہ رواں ماہ کے اختتام تک کمیشن کی سفارشات کا حتمی جائزہ لے گی، اس جائزے کے بعد ہی پینشنز اور تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے منظوری دی جائے گی۔ یہ سفارشات آئندہ مالی سال 22-2021 کے بجٹ میں شامل کی جائیں گی۔

FOLLOW US