اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں انتظامی طور بڑی تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا ہے ، پنجاب میں اہم پوسٹوں پر انتظامی تبدیلیاں کارکردگی کی بنیاد پر کی جائیں گی، تبدیلیوں کا مقصد گڈگورننس کو بہتر بنانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کی انتظامی وسیاسی صورتحال اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کی نامزدگی پر مشاورت کی گئی۔ پارٹی اجلاس سے قبل وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں پنجاب میں وزراء اور انتظامی افسران کی کارکردگی پر بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے پنجاب میں انتظامی طور بڑی تبدیلیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اہم پوسٹوں پر انتظامی تبدیلیاں کارکردگی کی بنیاد پر کی جائیں گی، تبدیلیوں کا مقصد گڈگورننس کو بہتر بنانا ہے۔ اسی طرح ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو ڈٹ کر کام کرنے کی ہدایت کی ہے، جس کے ساتھ سے ظاہر ہوگیا ہے کہ عمران خان کا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان کو تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کو اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں پنجاب کے سیاسی و انتظامی اور عوامی مسائل سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔ ملاقات میں 18مارچ کو ڈسکہ میں ضمنی الیکشن پر بھی پی ٹی آئی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے الیکشن میں کامیابی کیلئے بہترین حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے نام پر اتحادیوں کو اعتماد لیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان کل اپنی اتحادی جماعت کے قائدین سے ملاقات کریں گے۔ جس میں اتحادیوں جماعتوں کو ڈپٹی چیئرمین کے نام پر اعتماد میں لیا جائے گا، اتحادی جماعتوں کو کہا جائے گا کہ آپ اپنا امیدوار بھی لاسکتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار اعجاز چوہدری کو نامزد کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔