Wednesday November 27, 2024

ایکسپورٹس میں مسلسل اضافے کو بریک لگ گئی، پاکستان کی ایکسپورٹس 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں

اسلام آباد : پاکستان کی برآمدات 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں، فروری میں برآمدات32 کروڑ20 لاکھ ڈالرکم رہیں، جنوری کی نسبت فروری میں برآمدات 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالرکم ہوگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق رواں سال فروری میں برآمدات 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔ دسمبر2020 کے مقابلے میں فروری میں برآمدات 32 کروڑ20 لاکھ ڈالر کم رہیں۔ جنوری کی نسبت فروری میں برآمدات 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کم رہیں۔ نومبر2020 کے مقابلے میں فروری میں برآمدات میں 12 کروڑ 70لاکھ ڈالر کمی ہوئی۔

اسی طرح اکتوبر 2020 کی نسبت فروری2021 میں برآمدات 6 کروڑ ڈالرز کم رہیں۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ فروری میں برآمدات مسلسل پانچویں مہینے بھی 2 ارب ڈالرسے زائد رہیں۔ فروری میں برآمدات کا حجم 2 ارب 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا۔ فروری 2020 کی نسبت فروری2021 میں برآمدات 4.5 فیصد کم رہیں۔ رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں برآمدات 4.2 فیصد بڑھیں۔ جولائی تا فروری برآمدات کا حجم 16 ارب 30 کروڑ ڈالررہا۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں برآمدات15ارب 64 کروڑ30 لاکھ ڈالر تھیں۔ دوسری جانب رواں مالی سال کے سات ماہ کے دوران پاکستان میں چینی سرمایہ کاری 402.8 ملین ڈالر کے ساتھ سرفہرست ہے۔ چینی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے، 2020 میں ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کل 117 غیر ملکی کمپنیوں میں سے زیادہ تر چینی تھیں۔
گوادر پرو کی رپورٹ کے مطابق دیگر ممالک کی نسبت چین کی پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری(ایف ڈی آئی)بلند ترین سطح پر پہنچنے کے باعث پاکستان کی معیشت مضبوط ہوئی ہے ۔ دیگر ممالک سے مجموعی طور پر ایف ڈی آئی میں 27 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔اسٹیٹ بینک رپورٹ میں کہا گیا کہ 100 ملین سے زائد مجموعی ایف ڈی آئی کرنے والے نیدرلینڈ اور ہانگ کانگ تھے۔

انھوں نے سات ماہ کے دوران بالترتیب 122 ملین اور 105 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔برطانیہ سے 83.8ملین ڈالر ، امریکہ 73.5 ملین ڈالر اور مالٹا سے بھی 60.6 ملین ڈالر کی نمایا ں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئی۔ ناروے سے سرمایہ کاری میں واضح تبدیلی نے ایف ڈی آئی کو بڑی حد تک متاثر کیا۔ اسکینڈی نیویائین ممالک سے مزید سرمایہ کاری کی بجائے 25.8 ملین ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

FOLLOW US