Thursday October 31, 2024

منی لانڈرنگ اوراثاثہ جات کیس لاہورہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرلی،رہا کرنے کا حکم

لاہور : منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کی اور انہیں ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ حمزہ شہباز کی ضمانت منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس میں منظور کی گئی۔ عدالت نے ضمانتی مچلکوں کی ادائیگی کے بعد حمزہ شہباز کو رہا کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں حمزہ شہباز کے وکلا نے درخواست ضمانت پر دلائل مکمل کیے تھے۔

لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران حمزہ شہباز کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ حمزہ کی گرفتاری کے 17 ماہ بعد فرد جرم عائد کی گئی، سپریم کورٹ میں 10 ماہ تک ضمانت کی درخواست زیر التوا رہی ،عدالت عظمٰی نے نیب کے پرانے ترین کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر سننے کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ 20 ماہ کی تاخیر کرنے پر نیب کے کیسز میں ملزموں کو ریلیف دے چکی ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ پارٹی فنڈز کے نام پر ملزمان پیسے لیتے رہے، مشکوک ترسیلات تھیں، الیکشن کا ریکارڈ، 4 بے نامی کمپنیوں اور دیگر کا ریکارڈ اکٹھا کرنے میں وقت لگا۔ نیب کو اگر 6 ماہ کا وقت دیا جائے تو کیس کا ٹرائل مکمل ہو جائے گا، لاہور میں 5 نئی عدالتیں آ رہی ہیں تو یہ سنیارٹی والا معاملہ ہی حل ہو جائے گا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی تھی جس پر آج فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 11 جون 2019ء کو گرفتار کیا گیا تھا۔

FOLLOW US