لاہور: مبینہ طو رپر مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والی خواتین نے وعدے کے باوجود مالی امدادنہ ملنے پر جاتی امراء کے باہر شدید احتجاج کیا ،خواتین کی کوشش کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز ان سے ملے بغیر ڈسکہ کے لئے روانہ ہو گئیں ۔اس حوالے سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جاتی امراء کے بغیر پہنچنے والی خواتین اپنے مطالبات کے لئے احتجاج کر رہی ہیں۔ خواتین نے اپنا تعلق لیگی رہنما بلال یاسین کے حلقے سے بتایا ۔ مبینہ لیگی کارکن شازیہ نے بتایا کہ بیٹی کی شادی کی امداد کیلئے مریم نواز کی پرسنل سیکرٹری صائمہ فاروق نے انہیں جاتی امرا ء بلایا، مریم نواز نے بیٹی کی شادی کے لئے امداد کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن یہاں پر گاڑی سے اتر کر بات تک سننا گوارا نہیں کیا ۔
احتجاج کرنے والی خاتون نے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کے سپورٹرز ہیں لیکن مشکل کی گھڑی میں ہمیں اتنی دور بلاکر ذلیل کیاگیا۔ خواتین نے کہا کہ انہیں موہنی روڈ سے جاتی امراء بلایا گیا اوراب ان کے پاس واپس جانے کا کرایہ بھی نہیں ہے ۔ اس موقع پر لیگی رکن اسمبلی مرزا جاوید نے احتجاج کرنے والی خواتین سے بات کی اور کہا کہ و ہ انہیں مالی مدد اور واپسی کا کرایہ دینے کو تیار ہوں لیکن خواتین نے کہا کہ ہمیں آپ سے کرایہ اور مالی مدد نہیں چاہیے ہمیں مریم نواز سے ہی امداد چاہیے، پارٹی کے لوگ مہنگے ترین لباس اور جوتے پہن سکتے ہیںغریب کارکن کی بیٹی کی شادی کیلئے امداد نہیں دے سکتے ۔