اسلام آباد(نیوزڈیسک) الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو کے ٹیکنوکریٹ کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے سے روک دیا۔الیکشن ٹریبونل میں پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو کے سینیٹ الیکشن میں ٹیکنو کریٹ کی نشست پر حصہ لینے سے متعلق کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔دورانِ سماعت ان کے وکیل نےکہا کہ سیف اللہ ابڑو کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں اپیل ناقابل سماعت ہے، الیکشن قوانین کے مطابق اپیل کنندہ کی اپیل کو سنا بھی نہیں جاسکتا جب کہ سیف اللہ ابڑو کے خلاف اپیل کرنے والے مصطفیٰ میمن خود امیدوار بھی نہیں۔
اس موقع پر وکیل اپیل کنندہ رشید اے رضوی نے کہا کہ اگر ٹھیکیدار کو ٹیکنوکریٹ کا امیدوار تسلیم کریں گے تو کل سینیٹ ٹھیکیداروں سے بھری ہوئی ہوگی، رشید رضوی کے دلائل پر کمرہ عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔بعد ازاں الیکشن ٹریبونل نے سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کےخلاف ایپل منظور کرلی اور انہیں سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیاالیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قراردیتے ہوئے کہا کہ سیف اللہ ابڑو کے خلاف اپیل میں لگائے گئے اعتراضات ثابت ہوچکے ہیں اور وہ ٹیکنوکریٹ کے معیار پر پورا نہیں اترتے ہیں