ریاض: شمالی کوریا کے مرد آہن کم جونگ ان اپنی متنازع حرکتوں کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں مگر ان کی اہلیہ کے بارے میں بہت کم معلومات سامنے آئی ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کی خاتون اول ری سول جوایک نوجوان دو شیزہ ہیں، ری سول جو کے اثاثوں کی مالیت 5 ارب 60 کروڑ ڈالر ہے۔ ان کے پاس دنیا کے مشہور اور انتہائی مہنگے فیشن ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوسات کا وسیع ذخیرہ ہے۔ وہ انتہائی پرتعیش زندگی گذارتی ہیں۔ وہ مہنگے مشروبات پیتی ہیں۔ پرتعیش لگژری پرائیویٹ ہوائی جہاز استعمال کرتی ہیں۔ ملک کے اندر ان کے کئی پرتعیش محلات ہیں تاہم وہ اپنے شوہر کی پالیسیوں اور ان کے حدود سے تجاوز اقدامات میں کوئی خاص دلچسپی نہیں لیتیں۔
شمالی کوریا میں ایک طرف مفلوک الحال عوام ہیں جو بدترین غربت، بھوک اور افلاس سیدوچار ہیں اور دوسری طرف حکمراں خاندان کی لا متناہی عیش وعشرت کی زندگی ہے۔ خاتون اول کی عیش کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کے پہناووں میں شانیل جیسے عالمی برانڈ کے ملبوسات شامل ہیں جن میں سے ایک سوٹ کی قیمت 11 ہزار 200 ڈالر تک ہے۔ رپورٹس کے مطابق شمالی کوریائی خاتون اول کی کلائی پر باندھی گھڑی کی قیمت 84 لاکھ ڈالر ہے۔سابقہ رپورٹس میں بتایا گیا کہ کم جونگ کے ملک میں 17 بیش قیمت محلات ہیں۔ ان میں سے ہرمحل میں 500 میٹر کا ایک رن وے ہے۔ ان کا اپنا ریلوے اسٹیشن اور اپنی املاک تک رسائی کے لیے ٹنل قائم ہیں۔ کم اور ان کی اہلیہ کو ایک ایسی لگژری کشتی میں بھی دیکھا گیا جس کی اونچائی 95 فٹ ہے۔