وزیرآباد:این اے 75 ڈسکہ میں فائرنگ کا واقعہ ، پولیس لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرنے کیلئے لیگی رہنما کے گھر پہنچ گئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق این اے 75 ڈسکہ ضمنی انتخابات کے دوران فائرنگ کے واقعے کیخلاف رانا ثناءاللہ پر الزام لگنے کے بعد پولیس رانا ثناء اللہ کو گرفتار کرنے کیلئے پہنچ گئی ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ رانا ثناءاللہ مستنصر گوندل کے گھر پر موجود ہیں، پولیس کی بھاری نفری لیگی رہنما مستنصر گوندل کے گھر کے باہر موجود ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے وزیرآباد کے داخلی و خارجی راستے بھی بلاک کر دیے ہیں۔
اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناء اللہ نے الزام عائد کیا کہ حکومتی غنڈوں نے ڈسکہ میں پولنگ سٹیشن پر فائرنگ کی ، کیوں کہ پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ ٹرن آوٹ کم ہو لیکن ہمارے کارکنان کے آنے پر حکومتی جماعت کے غنڈے چلے گئے ، پی ٹی آئی کے پولنگ سٹیشن ویران پڑے ہیں ، ہر طرف شیر کی آواز آ رہی ہے ، اس صورتحال میں ہرووٹ کو پرامن طریقے سے کاسٹ کرانا ہماری ذمہ داری ہے کیوں کہ ضمنی الیکشن کا نتیجہ عوام کی رائے ہو گا ۔
سابق وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کوتباہی کے دہانے پر لاکھڑا کردیا ، اس لیے عوام پی ٹی آئی کے خلاف اپنی رائے کا آزادانہ استعمال کریں ، ووٹرز کو گمراہ کرنے کے لیے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں لیکن اس کے باوجود سلیکٹڈ ٹولے کے خلاف عوام ووٹ دیں گے ، جو 5 بجے تک ووٹ نہ ڈال سکیں وہ پولنگ سٹیشن کے اندر رہیں ، پولنگ سٹیشن میں موجود افراد 8 بجے تک ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران 5 پولنگ سٹیشنز کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوگئے ، جس کے باعث ووٹرز میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسکہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے اسلحے کا بے دریغ استعمال کیا گیا ، جہاں نامعلوم افعاد نے ناصرف دھڑلے سے فائرنگ کی بلکہ اس کے بعد کامیابی سے رفو چکر ہونے میں بھی ہوگئے ، فائرنگ کا ایک واقعہ ڈسکہ کے نواحی گاؤں گوئندکے میں رونما ہوا ، اس کے علاوہ گورنمنٹ ہائی سکول نسبت روڈ کے پولنگ سٹیشن پر بھی نامعلوم کارسواروں نے فائرنگ کی ، شہر کے مین بازار میں قائم پولنگ سٹیشن کے قریب 4 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے خواتین خوف کے باعث گھبرا کر پولنگ سٹیشن کے باہر سے چلی گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ ڈسکہ کلاں کے علاقے میں بھی رنگیلا چوک کے قریب پولنگ سٹیشن کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جب کہ ڈسکہ پوسٹ گریجوایٹ کالج کے سامنے بھی نامعلوم افراد نے پولیس کی موجودگی میں فائرنگ کی ، جس کے بعد وہ جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے ، فائرنگ کے ان تمام واقعات میں مجموعی طور پر 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ 7 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ، تاہم فائرنگ کے ان سارے واقعات میں سے کسی میں بھی ملزمان کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں لائی جاسکی۔