لاہور(ویب ڈیسک) تبدیلی سرکار کا وعدوں کی تکمیل کی جانب اہم قدم، پنجاب کابینہ نے ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس میں فلیٹوں کی الاٹمنٹ کے طریقہ کار کی منظوری دے دی۔ پنجاب کابینہ نے ایل ڈی اے کو اپارٹمنٹس کے لئے بینک آف پنجاب کے ساتھ معاہدے کی بھی منظوری دے دی، پہلے مرحلے میں ایل ڈی اے سٹی میں4 ہزار اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے، اپارٹمنٹس میں 50 فیصد کوٹہ عوام کیلئے ہو گا، 20 فیصد کوٹہ صوبائی ملازمین، 20 فیصد کوٹہ ایل ڈی اے
ملازمین اور 10 فیصد کوٹہ وفاقی ملازمین کیلئے مختص ہوگا، ایک فلیٹ کی قیمت 27 لاکھ روپے ہوگی ۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صحافی اور وکلاء برادری کیلئے بھی کوٹہ مختص کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں ملتان میں پرانی غلہ منڈی گودام کی جگہ 200 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے قیام کی باقاعدہ منظوری دی گئی، ہسپتال کے قیام کیلئے 500 ملین روپے کے فنڈز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب میں 2 مزید سیمنٹ پلانٹ لگانے کی منظوری دی گئی، کابینہ نے محکمہ بہبود آبادی کے ڈاکٹرز کو ہیلتھ پروفیشنل اینڈ سپیشل ہیلتھ کیئر الاؤنس دینے کی منظوری دے دی، کابینہ نے ایم آئی ٹی ایکٹ کو میوہسپتال اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج میں نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب میں کچی آبادیوں کو ریگولر کرنے کی سکیم پر نظر ثانی کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی کچی آبادیوں سے متعلقہ امور کا جائزہ لیکر حتمی سفارشات پیش کرے گی، اجلاس میں پنجاب کابینہ نے صوبائی ڈرگ مانیٹرنگ ٹیم کے قیام اور پنجاب ہیپاٹائٹس رولز کے مسودے کی بھی منظوری دی-اجلاس میں پنجاب میوزیم ایکٹ 2021 کے مسودے اور پاکستان ٹریول ایجنسی ایکٹ 1976 میں ترامیم، سرکاری یونیورسٹیوں میں رجسٹرار اور کنٹرولر آف ایگزمینیشن کے عہدوں کے لئے قواعد وضوابط کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں پنجاب پولیس رولز 2017 ء میں ترمیم کی منظوری دی گئی، ترمیم سے سٹینوگرافرز کے اہلیت کے معیار میں تبدیلی کی جا سکے گی۔
دوسری جانب ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبے کا وزیراعظم عمران خان کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھوانے کی تیاریاں شروع ہوگئیں،200 افراد کے لئے وی وی آئی پی مارکی جبکہ وزیراعظم کی ڈائریکٹ لینڈنگ کے پیش نظر تین ہیلی پیڈ بنانا شروع کردیئے گئے، ایل ڈی اے نے وزیراعظم سے 19 فروری کو منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ کرانے کا پلان بنا رکھا ہے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی آمد کے لئے انتظامات پر لاکھوں روپے کے اخراجات آئیں گے۔