Thursday September 18, 2025

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سرکاری ملازمین پر آنسو گیس شیلنگ سے متعلق بیان پر معذرت کر لی

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین پر شیلنگ اور آنسو گیس سے متعلق اپنے بیان پر معذرت کر لی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پچھلی دفعہ ایک بیان ازراہ مذاق ہی دیا تھا اس پر معذرت خواہ ہوں۔ خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے گذشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کے احتجاج کو منتشر کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی آنسو گیس سے متعلق کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا ہے لیکن اس دوران احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین پر تھوڑی بہت آنسوگیس بھی چلائی جو کہ ضروری ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آنسو گیس کو بھی ٹیسٹ کرنا چاہیئے جو بڑے عرصے کی بے کار پڑی ہوئی تھی ، اس کی تھوڑی سی ٹیسٹنگ کی ہے زیادہ تو ابھی محفوظ ہے۔

شیخ رشید کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ شیخ رشید نے تکبرانہ انداز میں جو الفاظ کہے اُن کو اس پر نہ صرف معافی مانگنی چاہئیے بلکہ آنسو گیس اور شیلنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد سے معذرت بھی کرنی چاہئیے ، لیکن شیخ رشید وزارت داخلہ کا قلمدان ملنے پر طاقت کے نشے میں اس قدر چُور ہو چکے ہیں کہ انہیں کچھ خبر ہی نہیں ہے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔ تاہم آج اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے اپنے بیان پر معذرت کر لی۔ نیوز کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ڈی ایم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے اتنے فیصلے بدلے ہیں ، لانگ مارچ بھی رمضان کے بعد رکھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جس طرح الیکشن کمیشن کے باہر دھرنے کی اجازت دی ، آئندہ بھی دیں گے۔ سینیٹ الیکشن سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ووٹ کی خریداری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے لیکن انہیں مایوسی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں کوئی سرپرائز نہیں ہوگا، عمران خان سینیٹ الیکشن جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ساری سیاست تین مارچ کے الیکشن پر ہو گی۔ چار مارچ کو سینیٹ میں عمران خان سرخرو ہوں گے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان سینیٹ انتخابات میں فتح سے ہمکنار ہوں گے۔ پاسپورٹ کی دس سال کی فیس آدھی کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں آج بہت خوش ہوں کیونکہ مولانا فضل الرحمان سمیت وہ لوگ جو اسمبلیوں پر لعنت بھیجتے تھے آج اسمبلیوں سے ہی ووٹ مانگ رہے ہیں۔ یہ لوگ آج ٹکٹوں کی جستجو میں دلچسپی لے رہے ہیں ، یہ اسمبلی، جمہوریت اور الیکشن کے نظام کی عزت ہے ، وہ لوگ جو اس نظام کو تہہ و بالا کرنا چاہتے تھے یہ ان کی شکست ہے۔