Thursday September 18, 2025

وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کے ولی عہد سے رابطہ،دونوں رہنماوں کے درمیان پاکستان،متحدہ عرب امارات تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار۔

اسلام آباد : وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کے ولی عہد سے رابطہ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہفتے کے روز برادر اسلامی ملک متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور اماراتی افواد کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید سے رابطہ کیا۔ ذرائع وزیراعظم ہاوس کے مطابق دونوں رہنماوں کے درمیان بذریعہ ٹیلی فون رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماوں کے درمیان پاکستان،متحدہ عرب امارات تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان اور شیخ محمد بن زید نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔

اس کے علاوہ کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور علاقائی و عالمی امور پر بھی غور کیا گیا۔ یہاں واضح رہے کہ کچھ روز قبل ہی اہم خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان کے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب کیساتھ تعلقات میں بہتری کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے پاکستان کو فراہم کی جانے والی ارب ڈالرز کی سہولت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں خلیجی ممالک کے اس فیصلے کو ان ممالک کے پاکستان کیساتھ تعلقات کے حوالے سے بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔