میسنٹوئن: امریکا میں ایک چار سالہ بچے نے ہرن کے بچے سے دوستی کی اور اسے اپنے گھر لے آیا، منظر دیکھ کر اس کی والدہ حیرت زدہ رہ گئیں اور اس کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی۔ امریکی ریاست ورجینیا کے علاقے میسنٹوئن میں ایک چھوٹے سے بچے ڈومینک براؤن نے گھر سے باہر کھیلتے ہوئے ایک چھوٹے سے ہرن کے بچے کو اپنا دوست بنالیا اور اسے اپنے ساتھ گھر لے آیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چار سالہ ڈومینک براؤن کی والدہ اسٹیفنی براؤن نے اپنے بیٹے اور ہرن کے بچے کی گھر کے دروازے پر بنائی گئی ایک خوبصورت سی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ بچے کی ماں اسٹیفنی نے وضاحت کی کہ ہم یہاں میسنٹوئن ریزرٹ پرچھٹیاں گزارنے آئے تھے اور ورجینیا میں اپنے گھر واپس جانے تیاری کررہے تھے کہ ڈومینک اپنے نئے دوست کے ساتھ آگیا۔ اس بچے کی اپنے ہرن دوست کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہورہی ہے اور لوگ اسے پسند کرتے ہوئے اس پر خوب دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں۔