Friday November 29, 2024

پاکستان میں کرونا ویکسی نیشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا

اسلام آباد : پاکستان میں کرونا ویکسی نیشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں چین کی جانب سے فراہم کردہ کرونا ویکسین موصول ہونے کے بعد اب باقاعدہ ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ آج بروز منگل وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں دارالحکومت اسلام آباد میں شعبہ طب سے وابستہ شہری کو ویکسین کی ڈوز لگا دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چین نے ابتدائی طور پر 5 لاکھ ویکسین ڈوزز فراہم کی ہیں۔ پہلے مرحلے میں ویکسین ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائے گی۔

پھر جن لوگوں کو کرونا سے سب سے زیادہ خطرہ ہے، انہیں ویکسین لگائی جائے گی۔ کرونا ویکسی نیشن منصفانہ ہوگی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اللہ کا خاص کرم ہے، پاکستان میں کرونا کیسز میں کمی آ رہی ہے۔ لوگ اگر ایس او پیز پر عمل کریں تو اس سے کرونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔ وائرس سے بچنے کیلئے ہر شہری ماسک کا لازمی استعمال کرے۔ واضح رہے کہ عالمی وبا کرونا کی ویکسین کی پہلی کھیپ گزشتہ روز پاکستان پہنچ گئی تھی۔ پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین سے کرونا وائرس ویکسین لے کر نور خان ایئر بیس پہنچا تھا۔ پاکستان نے ابتدائی طور پر چینی کمپنی سائنوفارم سے ویکسین کی 12لاکھ ڈوزیز خریدی ہیں جو79 فیصد مؤثر ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ کرونا وائرس وبا کا مقابلہ کرنے میں این سی او سی اور صوبوں نے اہم کردار ادا کیا۔ اپنے فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو ان کی کاوشوں کے لئے سلام پیش کرتا ہوں۔ ویکسین سب سے پہلے انہیں لگے گی۔ جبکہ این سی او سی ملک میں کرونا ویکسین لگانے کی مہم کے سلسلے میں پہلے ہی ایک مربوط اور جامع حکمت عملی مرتب کرچکی ہے، ملک بھر میں ویکسین کی ترسیل کے تمام انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ہے۔

FOLLOW US