Monday November 25, 2024

خواتین ’’عورت مارچ‘‘ کے بجائے اپنے بچوں کی اچھی تربیت کریں، سارہ خان

کراچی: اداکارہ سارہ خان کا کہنا ہے کہ خواتین ’’عورت مارچ‘‘ کے بجائے اپنے بچوں کی اچھی تربیت کریں تو زیادہ بہتر ہے۔ سارہ خان نے ایک شو میں فیمن ازم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ میں صنفی مساوات پر بہت یقین رکھتی ہوں، میں یہ نہیں کہتی کہ عورتوں کو اعلیٰ درجہ دے دیں، میں بس یہی کہتی ہوں کہ عورتوں کو برابری کا درجہ دیں کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے مرد اور عورت کو جو مقام دیا ہے اُن کو اسی مقام پر رکھیں اسے تبدیل کرنے کی کوشش نہ کریں۔

سارہ خان نے یہ بھی کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عورت کو مضبوط ہی بنایا ہے پھر ہم بار بار یہ کیوں کہتے ہیں کہ عورت مضبوط ہے اور اسے بھی مرد کے برابر کی تنخواہ ملنی چاہیے، مجھے یہ لگتا ہے کہ عورت کو لڑائی یا عورت مارچ کرنے سے بہتر ہے کہ اپنے بچوں کی اچھی تربیت کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عورت کو ایک خاص مقام دیا ہے، میں مردوں کو بھی اچھا سمجھتی ہوں، انہیں بھی اتنے ہی حقوق اور خوشیاں ملنی چاہئیں جتنی عورت کو ملتی ہیں، صرف عورتوں کی بات کرنا دراصل غلط ہے۔

FOLLOW US