لندن پولیس نے لاک ڈان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سجائی گئی شادی کی تقریب رکوادی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میٹروپولیٹن پولیس نے کووڈ 19 لاک ڈائون کے دوران شادی کی تقریب منعقد کرنے پر اسے لاک ڈائون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے تقریب منسوخ کرادی۔برطانیہ میں کورونا کی دوسری لہر کے بعد سخت لاک ڈائون نافذ ہے جس میں صرف غیر معمولی حالات میں صرف چھ افراد کی موجودگی میں شادی کی اجازت ہے جب کہ پولیس کو ایک ایسی شادی کی تقریب کی اطلاع ملی جس میں تقریبا 400 افراد شریک تھے۔
پولیس نے اطلاع ملنے پر کارروائی کی تو شمالی لندن کے علاقے میں قائم ایک اسکول میں چھپ چھپا کر شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا اور اس تقریب کو چھپانے کے لیے اسکول کی کھڑکیاں دروازے بھی بند رکھے گئے تھے۔ پولیس نے جیسے ہی شادی کی تقریب پر چھاپہ مارا تو وہاں موجود کئی افراد پولیس کو دیکھتے ہوئے بھاگ گئے البتہ پولیس نے 5 افراد کو پکڑ کر ان پر 200پائونڈ جرمانہ عائد کرکے تقریب ختم کرادی۔ میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا تھاکہ تحقیقات کے بعد یہ ثابت ہوا کہ تمام افراد شادی کی تقریب کے لیے اس جگہ جمع تھے جس پر تقریب منعقد کرنے والوں پر 10 ہزار پائونڈ جرمانہ عائد کیا جائیگا۔پولیس چیف کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی ناقابل قبول اور قانون کی خلاف ورزی ہے، ملک بھر کے لوگ اپنی شادیاں منسوخ یاموخرکرکے قربانی دے رہے ہیں لہذا ایسے ماحول میں یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔