قومی کرکٹروسیم اکرم کی اہلیہ شنیراکرم نے انگریزی سے ناواقف منیجرکی تمسخرانہ ویڈیو شیئرکرنے پراسلام آباد کے ریسٹورنٹ کی خواتین مالکان کو انگریزی بولنے کے مقابلے کا چیلنج دے دیا۔ دو روز قبل سوشل میڈیا پروفاقی دارالحکومت کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کینولی نامی رسٹورنٹ کی مالکان عظمیٰ اور دیا اپنے منیجر کی انگریزی کا مذاق اڑا رہی ہیں۔ ویڈیو وائرل ہونے پر شوبزشخصیات سمیت سوشل میڈیا صارفین نے ریستوران مالکن پر تنقید کے ساتھ ساتھ ہوٹل کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کردیا۔
آسٹریلین نژاد شنیرااکرم جو کہ اردونہیں بولتیں، نے بھی ٹوئٹرپرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ وہ سمجھ سکتی ہیں جب کسی کومختلف زبان بولنے پرمجبورکیاجائے توکیسا محسوس ہوتاہے۔ شنیرا نے ریسٹورنٹ مالکان خواتین کی اس حرکت پر افسوس کے علاوہ انہیں انسٹااسٹوریزمیں انگریزی بولنے کا چیلنج بھی دے دیا۔ وائرل ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شنیرانے طنز کرتے ہوئے کہا ” میں بھی بورہورہی ہوں اس لیے میں آپ دونوں خواتین کوانگریزی کے مقابلے کا چیلنج دیتی ہوں”۔ ویڈیو میں عظمیٰ اور دیا انگریزی میں اپنا تعارف کروانے کے بعد کہتی ہیں کہ ہم بور ہورہے تھے،اس لیے آپ کا تعارف اپنے منیجرسے کرواتے ہیں۔
جو انگریزی میں پوچھے جانے والے سوالات پراپنا تعارف کرواتے ہوئے بتاتے ہیں کہ وہ 9 سال سے یہاں کام کررہے ہیں۔
خاتون نے منیجرکی انگریزی سن کرپوچھاکہ آپ نے انگلش کی کتنی کلاسیں لی ہیں، بعدازاں تمسخرانہ انداز میں کہتی ہیں کہ یہ ہمارے مینجر ہیں جو 9 سال سے ہمارے ساتھ ہیں اور یہ وہ بہترین انگلش ہے جو یہ بولتے ہیں۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر بعدازاں ریستورنٹ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا۔ مالکان کا کہنا ہے کہ ” ہمیں اپنی ٹیم کے ایک رکن کے ساتھ ” ہلکی پھلکی گفتگو” کو غلط انداز میں لیے جانے پر افسوس اور حیرانی ہے، جہاں ہم کسی کو بھی ٹھیس پہنچنے پر معافی مانگتے ہیں وہیں ہمیں اپنے ملازمین کے ساتھ اچھے سلوک پر کسی کو صفائی دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہماری ٹیم ہمارے ساتھ ایک دہائی سے ہے اور یہ بات خود ایک گواہی ہے” ۔