Friday November 29, 2024

اداکاراؤں نے اوڑھے دوپٹے ۔۔ جانئے اُن طرح کے دوپٹوں کے بارے میں ، جوفیشن میں ”اِن“ ہیں

آج کل طرح طرح کے دوپٹے مارکیٹ میں دستیاب ہیں ، جو مختلف انداز سے استعمال کئے جاسکتے ہیں ۔ وہ خواتین جو چاہتی ہیں کہ ان کی الماری فیشن کے عین مطابق چیزو ں سے سجی ہو ، انہیں چاہئے کہ وہ ان 5 انداز کے دوپٹوں کو خرید لیں اور تقریبات کے دوران انہیں مختلف انداز میں استعمال کریں ۔

دوپٹوں کا ٹرینڈ اور ان کا فائدہ :
آج کل جو مختلف طرح کے دوپٹے فیشن ٹرینڈ کا حصہ ہیں ، ان کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ کسی بھی لباس کے ساتھ کسی بھی تقریب میں پہنے جاسکتے ہیں ۔ لڑکیاں اپنی مرضی سے کسی بھی لباس کا انتخاب کریں ، چاہے ان کا لباس سادہ سا ہو ، اگر اس کے ساتھ وہ کوئی خوبصورت سا دوپٹہ پہن لیں تو اس لباس کو چارچاند لگ جاتے ہیں ۔ آئیے اب 5 انداز کے دوپٹوں کے بارے میں جانئے:

جیکارڈ دوپٹہ:
جیکاڑدوپٹہ ماورا حسین کی طر ح پہنا جاسکتا ہے ۔ ایسے ملبوسات جن پر سنہری بلاک پرنٹنگ کی گئی ہو، ان کے ساتھ چاہیں تو ہم رنگ جیکارڈ دوپٹہ پہن لیں، چاہیں تو اس کے ساتھ سنہری رنگ کا جیکارڈ کا دوپٹہ اوڑھ لیں ۔ ویسے تو یہ جیکارڈ دوپٹے کافی عرصے سے فیشن میں ”ان“ ہیں تاہم اب بھی کئی بڑے برانڈز کی پارٹی وئیر کلیکشن میں یہ متعارف کروائے جارہے ہیں، جس سے یہی اندازہ ہورہاہے کہ آئندہ کچھ عرصے تک یہ مزید فیشن میں ان رہیں گے ۔ لڑکیاں سادہ سے سوٹ کے ساتھ سنہری یا سلور ڈیزائن والا سفید یا کالا جیکارڈ ڈوپٹہ کسی بھی سوٹ کے ساتھ آرام سے پہن سکتی ہیں اور شادیوں کی تقریبات میں شریک ہوسکتی ہیں ۔ مارکیٹ میں جیکارڈ دوپٹے 1500 سے 2000 تک میں مل رہے ہیں ، جو کہ کسی بھی رنگ میں آسانی سے دستیاب ہیں ۔

آرگنزا / ٹشو ڈوپٹہ:
کئی اداکارائیں جیسے صبا قمر مایا علی،ریماخان، سارہ خان ، ہانیہ عامر، صبور علی، ماہرہ خان وغیرہ آرگنزا دوپٹہ کی شیدائی ہیں ۔ وہ مختلف تقریبات کے دوران آرگنزا دوپٹہ پہنتی دکھائی دی ہیں ۔ سادہ آرگنزا دوپٹہ پہننے میں نفیس سا لگتا ہے ۔ گھیر والی فراک ہو یا سادہ سا سوٹ، دونوں طرح کے ملبوسات کے ساتھ آرگنزا/ٹشوکے دوپٹے اچھے لگتے ہیں۔ جو خواتین سمپل لُک رکھنا چاہتی ہیں، وہ لمبی فراک یا شرٹ کے ساتھ چوڑی دار پاجامہ بنوا لیں، اس کے ساتھ آرگنزا کا دوپٹہ پہن کر شریک ہوجائیں۔ اس دوپٹے کی خاص بات یہ ہے کہ دن کی تقریبات ہوں یا رات کی تقریبات ، یہ دونوں انداز کی تقریبات میں بہ آسانی پہنے جاسکتے ہیں ۔ ایسے آرگنزا دوپٹے جن پر کڑھائی یا ہلکا سا گوٹا ورک کیا گیا ہو ، وہ مارکیٹ میں 1800 سے 2ہزار میں دستیاب ہیں ۔

نیٹ دوپٹہ:
ویسے تو کئی سالوں سے نیٹ دوپٹے فیشن میں دکھائی دے رہے ہیں اور آگے بھی دکھائی دیں گے ، کیونکہ اب بھی نیٹ کے ملبوسات مارکیٹ میں دستیاب ہیں ۔ نیٹ دوپٹے پہننے میں آرام دہ اور سنبھالنے میں آسان ہوتے ہیں ۔ اس لئے لڑکیاں ان دوپٹوں کو پہننا پسند کرتی ہیں ۔ پرنٹڈ ڈریس کے ساتھ کسی ایک رنگ کا نیٹ کا دوپٹہ اوڑھ لیں ۔ کچھ ایسے بھی نیٹ کے دوپٹے مارکیٹ میں موجود ہیں، جن پر کڑھائی کی گئی ہو ۔ ایسے دوپٹوں کی قیمت تھوڑی زیادہ ہوتی ہے ۔ سادہ سے سوٹ کے ساتھ پھولوں کی کڑھائی والا نیٹ کا دوپٹہ شام کی کسی بھی تقریب کیلئے مناسب رہتا ہے ۔ کالے اور سفید نیٹ کا دوپٹہ اگر خرید کررکھ لیا جائے تو کئی ملبوسات کے ساتھ اسے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ سفید نیٹ کے دوپٹے پر گوٹا کناری والی سنہری لیس نکاح کے فنکشن میں لگاکر پہنی جا سکتی ہے۔ اداکارہ عائزہ خان، اقرا عزیز اور سمبل اقبال ودیگرنیٹ دوپٹے پہن کر تقریبات میں شریک ہوتی دکھائی دی ہیں ۔

سنہری لائنوں والا کھدر، کاٹن، لان دوپٹہ:
آج کل سنہری لائنوں والے ہلکے کاٹن، کھدر اور لان کے دوپٹے بہت اِن ہیں ۔ ان تمام مٹیریل میں نیچے کی جانب سنہری لائنوں میں یہ دوپٹے مارکیٹ میں دستیاب ہیں ۔ سفید رنگ کے سوٹ کے ساتھ گلابی، کالا یا کسی بھی رنگ کا اس انداز کا دوپٹہ پہن لیا جائے تو اچھا لگتا ہے۔

ٹسل لیس دوپٹہ:
نیٹ کا دوپٹہ ہو یا شیفون کا ، ایسے دوپٹوں پر ٹسلز والی لیس لگادی جائے تو وہ خوبصورت لگتے ہیں ۔ اس انداز کے دوپٹے بھی ضرور خرید کر رکھیں تاکہ کسی بھی لباس کے ساتھ پہنے جاسکیں ۔ سادہ سا دوپٹہ خریدکر اس پر ٹسل والی لیس لگوا لیں، اس سے بھی دوپٹہ سستے داموں تیار ہوجائے گا اور اس کا لُک اچھا آئے گا ۔

FOLLOW US