لاڑکانہ(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ میرا دعویٰ ہے ان سے پاکستان نہیں چلے گا، یہ ملک نہیں کرکٹ ٹیم چلانے والے ہیں، ملک چلانے کیلئے سوچ چاہیے ہوتی ہے،ہم نے ایک جنرل مشرف کوصدارت سے مکھی کی طرح نکال دیا،یہ عمران خان کیا چیز ہے ۔ انہوں نے لاڑکانہ گڑھی خدابخش میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بی بی صاحبہ کا دن ہے، آج کے دن وہ ہم سے روٹھ کر چلی گئیں، ہم نے ان کی سوچ اور نظریے کو لے کر پاکستان کو اکٹھا رکھا۔
اٹھارویں ترمیم دیں، صوبوں کو شناخت اور حق دیا، بلوچستان کو حق دیا، یہ سارا ویژن ہمارے قائد ذوالفقار بھٹو کا ہے، ابھی ہم نے بہت کام کرنا ہے، لیکن ان سے پاکستان نہیں چل رہا، میرے دوستوں ان سے پاکستا ن نہیں چلے گا، میرا دعویٰ ہے ان سے پاکستان نہیں چلے گا۔ یہ ملک چلانے والے نہیں بلکہ کرکٹ ٹیم چلانے والے ہیں، ملک چلانے کیلئے کوئی اور سوچ چاہیے، میں اپنی حکومت میں اے این پی اور مخالفین کو ساتھ ملاکر آئین کو دوبارہ مکمل کیا۔ آج جہاں ہم 26بلین چھوڑ کر آئے تھے، ہمارے دور میں 80روپے کا ڈالر آج 180کا ڈالر ہوچکا ہے، میں دوستوں کو کہتا ہوں فکر نہ کرو، یہ چل نہیں سکتے۔یہ خود گرجائیں گے۔ میں نے پارلیمنٹ میں کہا تھا ملک چلا لو، یا پھر نیب کو چلالو، اس لیے نہیں کہا کہ مجھے نیب سے ڈر ہے، میں نے پہلے بھی جیل کاٹی ہے۔ آج پی ڈی ایم کی تحریک میں کوئی نہیں کہہ سکتا کہ ہماری حکومت میں ایک بھی سیاسی قیدی تھا۔
گڑھی خدابخش شہیدوں کی زمین ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی حیثیت نہیں، جس طرح مشرف نے جماعت بنائی تھی اور ختم ہوگئی، آپ کی جماعت بھی ختم ہوجائے گی۔پاکستان پر رحم کرو، سب پر رحم کرو، جب تم مانتے ہو کہ تم سے ملک نہیں چل رہا، کیوں چھوڑ نہیں دیتے، دوبارہ الیکشن کرواؤ اور چلے جاؤ، دیکھتے ہیں کون جیتتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے نمائندے پی ڈی ایم کی جماعتیں ہیں، پیپلزپارٹی ملک بھر کی نمائندہ جماعت ہے، اے این پی خیبرپختونخواہ، مینگل بلوچستان کے نمائندے ہیں۔ آج بھی کوشش ہے پاکستان کی سیاسی جماعتیں ایک پیج پر آجائیں، کچھ ہم سے سیکھ لو،ہم نے ایک جنرل کو صدارت سے مکھی کی طرح دودھ سے نکال دیا۔یہ عمران خان کیا چیز ہے آج نیازی کو نکال سکتے ہیں ،ہمیں سوچ طریقہ بدلنا ہوگا، ہمیں جیلیں بھرنا ہوں گی، ہم جیلوں میں جانے کوتیار ہیں، یہ حکومت نہیں رہے گی۔ پھر عوامی حکومت آئے گی۔