Friday September 19, 2025

برطانیہ میں دریافت نیا کورونا وائرس پاکستان پہنچنے کا انکشاف، نئی قسم پہلے سے بھی زیادہ خطرناک۔

اسلام آباد (ویب ڈیسک) برطانیہ میں دیافت نئے کورونا وائرس سے ملتے جلتے کورونا وائرس کے کراچی پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے چئیرمین کورونا ٹاسک فورس کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر عطاء الرحمان نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کے لیے مقامی سطح پر ویکیسن کی تیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں سائنسدانوں نے بالخصوص طور پر یورپین ممالک میں کورونا وائرس کی نئی لہر میں تغیر کا مشاہدہ کیا۔

کراچی میں بھی ہم نے اس سے ملتا جلتا کورونا وائرس جو کہ برطانیہ میں دیکھا گیا ہے یہاں بھی دریافت کیا ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ اس وقت 200سے زائد کمپنیاں نئی شکل میں آنے والے وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکیسن کی تیاری میں مصروف ہیں۔ ویکیسن کے مستند ہونے اور اس کے لوگوں کی صحت پر اثرات دیکھنے کے لیے کافی وقت لگے گا۔ڈاکٹر عطاء الرحمن نے مزید کہا کہ کراچی یونیورسٹی میں سائنسدان وائرس کے تتغیر کا معائنہ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ماہرین نے دعویٰ کیا تھا کہ کورونا کی نئی قسم وائرس کی پچھلی قسم کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہے۔ انکشاف ہوا کہ کورونا کی یہ نئی قسم تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس کے باعث برطانیہ میں کورونا کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس انکشاف کے بعد دنیا کے کئی ممالک برطانیہ سے فضائی اور زمینی رابطے منقطع کر چکے ہیں۔

برطانیہ پر سفری پابندیاں لگانے والے ممالک کی تعداد میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ وائرس کی نئی قسم کی دریافت کے بعد بیشتر یورپی ممالک نے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے تمام پروازیں روک دی ہیں اور ان کے علاوہ دیگر ممالک بھی ایسے اقدام پر غور کررہے ہیں۔ پاکستان نے بھی برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر ایک ہفتے کیلئے پابندی عائد کی ہے۔