Friday September 19, 2025

کورونا کی تباہ کاریاں جاری ، ایک دن میں ریکارڈ 111 افراد لقمہ اجل بن گئے پاکستان میں عالمی وباء سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 9 ہزار 668 تک پہنچ گئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر نے مزید شدت اختیار کرلی جہاں عالمی وباء کے باعث صرف ایک دن میں 111 افراد لقمہ اجل بن گئے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 256 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ اس حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر این سی او سی کی طرف سے جاری کیے گئے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی کل تعداد 9 ہزار 668 تک جا پہنچی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 783 افراد جان بحق ہوچکے ہیں ، صوبہ سندھ میں یہ تعداد 3 ہزار 419 بتائی گئی جب کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 577 جان کی بازی ہار گئے ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 398 جب کہ گلگت بلتستان میں 99 افراد لقمہ اجل بن گئے ، صوبہ بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 181 اور آزاد کشمیر میں 211 بتائی گئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسزکی مجموعی تعداد 36 ہزار 721، صوبہ خیبر پختونخوا میں 56 ہزار 160، صوبہ سندھ میں 2 لاکھ 7 ہزار 407، صوبہ پنجاب میں ایک لاکھ 33 ہزار 874 جب کہ صوبہ بلوچستان میں یہ تعداد 18 ہزار 5 ہے اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 65 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 838 افراد عالمی وباء کوروناوائرس کے متاثرین میں شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس سے متاثرہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 65 ہزار 70 ہوچکی ہے ، جن میں سے ملک بھر میں 4 لاکھ 17 ہزار 134 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جب کہ 38 ہزار 268 افراد اس وقت ملک کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔