لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر کی پوزیشن کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف اور سابق سپیڈ سٹار شعیب اختر سے بات چیت کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق راشد لطیف سرکاری ٹی وی سے وابستگی کی وجہ سے پہلے چیف سلیکٹر کی پوزیشن نہیں لینا چاہتے تھے تاہم اب ان کا اور شعیب اختر کا معاہدہ کچھ دن پہلے ختم کردیا گیا تھا۔ سرکاری ٹی وی پر ملازمت کھونے کے بعد پی سی بی نے دونوں افراد سے رابطہ کیا اور آئندہ دنوں میں حتمی معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ مصباح الحق کا چیف سلیکٹر کی حیثیت سے 30 نومبر کو ختم ہوا تھا اور پی سی بی ان کی جگہ کی تلاش میں ہیں۔ صوبائی کوچوں پر مشتمل قومی سلیکشن کمیٹی بھی اختتام کو پہنچی ہے اور پی سی بی نے سلیکشن پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی نے دوبارہ روایتی سلیکشن کمیٹی تشکیل دینے کا انتخاب کیا ہے اور اس میں چیف سلیکٹر کے ساتھ تین سے چار ممبران بھی شامل ہوں گے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم بھی نئے چیف سلیکٹر کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔