Saturday November 30, 2024

اسلام آباد ایئرپورٹ نے فوٹوگرافی پر پابندی لگا دی، ایئرپورٹ پر وی لاگ اور ٹک ٹاک بنانے والوں کو خبردار کردیا گیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد ایئرپورٹ نے فوٹوگرافی پر پابندی لگا دی ہے ۔ ایئرپورٹ سیکورٹی فورس اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بنانے کے معاملے کا سختی سے نوٹس لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اے ایس ایف نے اسلام آباد ایئر پورٹ منیجر کو 19 نومبر کو ایک خط لکھا تھا جس میں ایئرپورٹ پر تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے معاملے کی نشان دہی کی گئی تھی۔ اے ایس ایف نے کہا تھا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر سوشل میڈیا کے لیے تصاویر اور ویڈیوز بنائی جا رہی ہیں جو ضابطے کی خلاف ورزی ہے۔

اے ایس ایف کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ پر مختلف ادارے اور ایئر لائنز کے اہل کار دوران ڈیوٹی تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہیں، جنھیں پھر فیس بک، وٹس ایپ اور ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کیا جاتا ہے۔ اسلام آباد ایئر پورٹ منیجر عدنان خان نے بتایا کہ اے ایس ایف کی نشان دہی پر سول ایوی ایشن نے بھی معاملے کا نوٹس لے لیا ہے، اتھارٹی نے کہا ہے کہ ایئر پورٹ پر ویڈیو بنانے والے اداروں کے انچارج اور نجی ایئر لائنز کے اہل کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ایئر پورٹ منیجر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر سختی سے ضابطے پر عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ایئر پورٹ پر ایک نجی کمپنی کی خاتون ملازم نے ٹک ٹاک بنائی تھی، جس پر ایئر پورٹ انتظامیہ نے نوٹس لے لیا تھا اور خاتون ملازمہ کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔

FOLLOW US