اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منشیات کے خاتمے کےلیے ملک بھر میں مہم چلائی جائے گی ، کیوں کہ ڈرگ آئس تعلیمی اداروں میں پھیل رہی ہے جو افسوسناک بات ہے ، منشیات خاموش قاتل ہے جو کہ کرپشن ، ذہنی کیفیت اور اصول کی تباہی کا بھی موجب ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ منشیات فروشی کے خلاف کام کرنا ہوگا ، اس سے پہلے منشیات سے پیسہ بنانے والا معاشرے میں قابل قبول ہوتا تھا ، جس کی وجہ سے پاکستان میں 70 لاکھ افراد منشیات کےعادی بن چکے ہیں ،
معاشرے میں منشیات ناسور ہے اور اس کا نقصان گھر سے لیکر ملک تک جاتاہے ، منشیات سے پیسہ بنانے والوں نے پیسہ رشوت ، الیکشن مہم اور مجرموں کو پناہ دینے میں استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سے پیسہ بنانے والوں نے معاشرے اور ملک کو نقصان پہنچایا ، 80کی دہائی میں جس نے منشیات سے پیسہ بنایا اس کو غلط سمجھا ہی نہیں گیا ، اسی وجہ سے ماضی میں منشیات کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر بھی توجہ نہیں دی گئی۔ اس سے پہلے ایک ٹی وی انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ منشیات سے عارضی خوشی یا اطمینان ملتا ہے، دائمی خوشی روحانیت سے میسر آتی ہے، معاشرے کی برائی کو اچھائی بنا کر پیش کیا جائے تو وہ پھیل جاتی ہے، مغرب میں پاپ اسٹارز نے ڈرگ کو فیشن بنایا، ہمارا خاندانی نظام ہمیں برائیوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چھوٹے تھے تو جب والدہ سونے سے پہلے کہتی ہمیں سیدھے راستے پر چلا، تو ہم سوچتے تھے کہ یہ سیدھا راستہ کتنا بیزاری والا ہوگا ، کیونکہ ہم فلمیں دیکھتے تھے لیکن جب میں مطالعہ کیا تو پتا کہ خوشی اللہ کی طرف سے آتی ہے، جب کہ عارضی خوشی ڈرگ اور نشے سے آتی ہے، اللہ کی طرف سے آنے والی خوشی روح کیلئے ہوتی ہے، یہ ان کو ملتی ہے جو اللہ کیلئے کام کرتے ہیں، جب کہ نشے والی خوشی وقتی ہوتی ہے، منشیات کا عادی ہونا یہی ہے کہ جتناآج نشہ لیا اس کے بعد پھر زیادہ لینا پڑتا ہے،مغرب میں پاپ اسٹارز نے ڈرگ کو فیشن بنا دیا، جس کی وجہ سے پاپ اسٹارز کی زندگیاں تباہ ہوتے دیکھیں۔