Sunday January 19, 2025

ہوا اور سورج سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ سے پاکستان 5 ارب ڈالر کی بچت کر سکتا ہے، ورلڈ بینک

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ ہوا اور سورج کی مدد سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے ذریعے پاکستان 5 ارب ڈالر کی بچت کر سکتا ہے۔تفصیل کے مطابق ورلڈ بینک نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان ہوا اور سورج کی مدد سے پیدا کی جانے والی بجلی کی پیداوار کو بڑھا کر آئندہ 20 سال کے دوران 5 ارب ڈالر بچا سکتا ہے۔ عالمی بینک کی ’’ ویری ایبل رینیو ایبل انٹیگریشن اینڈ پلاننگ سٹڈی’’ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں توانائی کے شعبہ کو گردشی قرضوں کے مسائل کا سامنا ہے

جس کی وجہ سے عدم ادائیگی کے باعث بجلی پیدا کرنے والے اداروں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنا پڑتی ہے۔مزید برآں ٹرانسمیشن کے نقصانات اور ڈسٹری بیوشن ، ٹیرف اور بجلی چوری وغیرہ جیسے مسائل کی وجہ سے شعبہ کو مشکلات درپیش ہیں۔ عالمی بینک نے تجویز پیش کی ہے کہ ان مسائل کے خاتمہ کے لئے پاکستان کی حکومت کو چاہیے کہ تیل و گیس کی مقامی پیداوار بڑھانے، گیس کی درآمدات سے بچنے اور بجلی پیدا کرنے کی صلاحیتوں کے لئے سستے پیداواری ذرائع سے استفادہ کرے۔تیل و گیس سے بجلی پیدا کرنے کی بجائے ہوا اور سورج کی مد سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے لئے اقدامات کرے جس سے آئندہ 20 سال کے دوران قومی خزانہ میں 5 ارب ڈالر کی بچت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

FOLLOW US