ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) کئی برسوں کی قیاس آرائیوں کے بعد بالآخر جمعرات کو بالی ووڈ اور ساؤتھ کی فلموں کے بے تاج بادشاہ اور اداکاری سے سیاست میں آنے والے رجنی کانت نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا۔ شیوا جی راؤ گائیکواڈ المعروف رجنی کانت نے کہا کہ وہ آئندہ برس جنوری میں اپنی سیاسی پارٹی لانچ کرینگے۔ جس کے ایک ماہ بعد تامل ناڈ اسمبلی کے الیکشن ہونگے۔ تامل اور کناڈا فلموں کے سب سے معروف اداکار جو ریاست میسور کے ایک مرہٹہ گھرانے میں پیدا ہوئے ان کے بارے میں 1996سے یہ کہا جارہا تھا کہ وہ سیاست میں انٹری دینے
والے ہیں، لیکن اس میں دو دہائیوں کی تاخیر ہوئی۔ اب انھوں نے کہا ہے کہ وہ 31 دسمبر کو اس حوالے سے تفصیلات کا اعلان کرینگے۔ یاد رہے کہ ریاست تامل ناڈ کے الیکشن آئندہ موسم گرما میں شیڈولڈ ہیں۔ رجنی کانت نے ٹوئٹر پر آج اپنے ایک مختصر بیان میں کہا کہ وہ بدعنوانی سے پاک، ایماندار، شفاف اور سیکولر جماعت جوکہ روحانی سیاست کی حامل ہو کا آغاز کرینگے اور یہ یقیناً آئندہ الیکشن میں فتح حاصل کریگی۔ انھوں نے روحانی سیاست کی بعدازاں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسکا مطلب ایماندارانہ اور بدعنوانی سے پاک سیاسی جماعت ہوگی۔ اس موقع پر 69 سالہ رجنی کانت نے یہ نہیں بتایا کہ آیا وہ خود الیکشن لڑینگے یا نہیں۔ تاہم اس سال مارچ میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ نہ تو چیف منسٹرشپ کے امیدوار ہونگے اور نہ ہی الیکشن لڑینگے۔ دوسری جانب انکے مداحوں اور پرستاروں کی اکثریت انھیں تامل ناڈ کا وزیراعلیٰ دیکھنے کی خواہش مند ہے۔