لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان میں کورونا بے قابو ہوچکا، صورتحال کرفیو کی جانب جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے سینئر صحافی و تجزیہ کار عامر متین کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے تشویش ناک دعویٰ کیا گیا ہے۔ سینئر صحافی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا پھیلاو کی صورتحال خطرناک ہے، ہسپتالوں پر بہت زیادہ بوجھ ہے، حال بہت برا ہے۔ لوگ اور حکومت دونوں ہی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔ میڈیا اگر بڑے شہروں کے بڑے ہسپتالوں کی صورتحال دکھا دے تو لوگ سب کچھ دیکھ کر خود ڈر جائیں گے۔
یہ ایک جان لیوا مسئلہ ہے لیکن غریب اور ترقی پذیر ممالک کو جلد ویکسین ملنے کا امکان نہیں۔ عالمی ادارہ صحت غریب و ترقی پذیر ممالک کو ویکسین دلوانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن امیر ممالک بالکل تعاون نہیں کر رہے۔ اس لیے لوگ جان لیں کہ ابھی دوائی نہیں آئے گی ہمیں مزید 2 سال یہ سب کچھ برداشت کرنا ہوگا۔ لوگ خود باز آ جائیں تو بہتر ہے ورنہ صورتحال کرفیو کی جانب جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر ملک بھر میں شدت اختیار کر رہی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 48 اموات ہوئیں جبکہ 2954 نئے کیسز رجسٹرڈ کیے گئے۔ جس کے بعد کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 7 ہزار 744 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 883 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 954 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 15 ہزار 138، سندھ میں ایک لاکھ 64 ہزار 651، خیبر پختونخوا میں 44 ہزار 932، بلوچستان میں 16 ہزار 846، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 558، اسلام آباد میں 27 ہزار 555 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 203 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 56 ہزار 120 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 165 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 31 ہزار 760 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 751 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ہی گذشتہ روز وفاقی حکومت نے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ملک بھر کی تمام مارکیٹس شام چھ بجے بند کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ جبکہ گذشتہ روز ملک بھر میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کورونا ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر عطاءالرحمان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا بے قابو ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چار ہزار سے زائد مقامات پر لاک ڈاؤن ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا اپنی شکل تبدیل کر چکا ہے جس کی وجہ سے اموات جلدی ہو رہی ہیں۔