Thursday November 28, 2024

کورونا وائرس بے قابو۔ایک ہی سکول کے 22 اُساتذہ سمیت 50 افراد کورونا وائرس کا شکارہوگئے

کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی کے ایک اسکول میں کورونا وائرس نے 22 اُساتذہ سمیت 50 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے سيکنڈری اسکول پی اين ٹی کالونی گذری کے طلبا کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ، ایک ہی اسکول سے اتنے کیسز سامنے آنے کے باوجود صوبائی وزارت صحت تاحال غافل ہے اور وزارت کی جانب سے اسکول کو تاحال سیل نہیں کیا گیا جس سے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔ مذکورہ اسکول میں 12 تاریخ کو پہلا کیس سامنے آیا تھا لیکن تاحال اسکول بند نہیں کیا گیا۔

والدین نے اسکول پر کورونا کیسز سامنے آنے پر پریشانی کا اظہار کیا اور کہا کہ اسکول انتظامیہ اس حوالے سے کوئی اقدام نہیں کر رہی۔ اُساتذہ اور والدین نے وزارت صحت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مذکورہ اسکول کو بند کیا جائے تاکہ مزید افراد کورونا وائرس سے متاثر نہ ہوں۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کر رہی ہے۔ کورونا وائرس سے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 42 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 603 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 843 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 13 ہزار 457، سندھ میں ایک لاکھ 61 ہزار 28، خیبر پختونخوا میں 43 ہزار 730، بلوچستان میں 16 ہزار 699، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 506، اسلام آباد میں 26 ہزار 177 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 911 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے پنجاب میں 2 ہزار 826، سندھ میں 2 ہزار 799، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 323، اسلام آباد میں 270، بلوچستان میں 158، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 134 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

FOLLOW US