نئی دہلی (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں متعدد لوگوں نے اپنے کاروبار کو عالمی وبا کورونا وائرس سے منسلک کرلیا ہے جس میں کسی نے وبا کے دوران ماسک کا کاروبار شروع کیا تو کسی نے اپنے اسٹور پر فروخت کی جانے والی چیزوں کو کورونا کا نام دے دیا۔بھارتی ریاست کیریلا سے تعلق رکھنے والے ایک کاروباری شخص کا دعویٰ ہے کہ اس نے 7 سال قبل اپنی دکان کا نام ‘کورونا’ رکھا تھا اور اب وبا کے دوران اس کی دکان کی فروخت اچانک بڑھ گئی۔
کیریلا کے شہری جارج نے بتایا کہ اس نے 7 سال قبل اپنی دکان کا نام ‘کورونا’ رکھا تھا اور دکان کا نام رکھنے کی وجہ یہ تھی کہ لاطینی زبان میں ‘کورونا’ کا مطلب تاج ہوتا ہے اور وہ دکان میں گھر کی تزین و آرائش کا سامان فروخت کرتا ہے۔جارج کاکہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران اس نے دیکھا کہ دکان میں پہلے سے زیادہ کسٹمرز آنا شروع ہوگئے اور وبا کے دوران کاروبار چمک اٹھا۔