کراچی (نیوز ڈیسک) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بہادر آباد مرکز را کے پیسوں سے بنا ہے ، جو نام، جھنڈا، نشان بانی متحدہ کے استعمال میں ہے وہی ایم کیو ایم پاکستان کر رہی ہے ،خالد مقبول نے بھارت جاکر پاکستانی پاسپورٹ پھاڑا،بھارتی پاسپورٹ پر امریکا گئے ۔قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم کے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے روابط کے ٹھوس شواہد کے انکشافات
پر ایم کیو ایم پاکستان کو بانی متحدہ کی نشانی و باقیات ثابت کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ حکومت اور ریاست نے خود را کے بقایا سیٹ اپ کو پاکستان میں ایم کیو ایم پاکستان کی صورت میں زندہ رکھا ہوا ہے ۔بھارت کے ایما پر پاکستان اور اسکے اداروں کے خلاف جو نام، جھنڈا، نشان اور لیٹر ہیڈ بانی متحدہ دنیا میں استعمال کر رہے ہیں وہی ایم کیو ایم ملک میں استعمال کر رہی ہے ۔ موجودہ ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کرتے رہے ہیں۔ خالد مقبول صدیقی بانی متحدہ کی ہدایت پر بھارت گئے اور پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے اپنا پاکستانی پاسپورٹ پھاڑ دیا، جسکی وجہ سے انہیں بھارتی حکومت نے بھارتی ڈپلومیٹک پاسپورٹ دیا تھا جس پر وہ امریکا گئے تھے ، وہی خالد مقبول صدیقی 13 سال بعد پاکستان واپس آکر نہ صرف ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ، ایم این اے اور وزیر بن جاتے ہیں بلکہ پی ٹی آئی کی حکومت کے لیے نفیس انسان بھی ہوجاتے ہیں، بہادرآباد کا مرکز بھی را کے پیسوں سے خریدا گیا ہے ۔ ایم کیو ایم رہنماؤں کو چاہیے نئے نام، جھنڈے اور نشان کے ساتھ سیاست کریں، اگر ایسا نہیں کیا گیا تو اسکے بعد دوسری، تیسری چوتھی پریس کانفرنس میں اس پریس کانفرنس سے کہیں زیادہ تہلکہ خیز انکشافات کروں گا۔