Wednesday May 14, 2025

الیکشن مثالی ہوا،عوام نے مرضی سے ووٹ کاحق استعمال کیا چیف الیکشن کمیشن کا سیاسی جماعتوں کو شکوک شبہات پید ا نہ کرنے کا مشورہ

گلگت(نیوز ڈیسک) چیف الیکشن کمشنرگلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ مثالی الیکشن ہوا، عوام نے مرضی سے ووٹ کا حق استعمال کیا، چند جماعتوں کے سربراہان شکوک وشبہات پیدا کرنا چاہتے ہیں،ان رہنماؤں سے اپیل کرتا ہوں کہ شکوک شبہات پیدا کرنے کی بجائے الیکشن کمیشن سے رجوع کریں۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پورے گلگت بلتستان میں مثالی الیکشن ہوا ہے، انتخابات صاف شفاف اور غیرجانبدار ہوئے ہیں۔

جی بی کے عوام نے اپنی مرضی سے ووٹ کا استعمال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چند جماعتوں کے سربراہان شکوک وشبہات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔غیرذمہ درانہ اور غیر ضروری بیانات سے گریز کیا جائے۔ان رہنماؤں سے اپیل کرتا ہوں کہ الزامات لگانے اور شکوک شبہات پیدا کرنے کی بجائے الیکشن کمیشن سے رجوع کریں۔ واضح رہے آج گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے 24 میں سے 23 انتخابی حلقوں میں پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے، اب تمام حلقوں کے پولنگ اسٹیشنز میں ووٹوں کی گنتی اورنتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

گلگت بلتستان کے انتخابات میں حکمراں جماعت تحریک انصاف21، پیپلزپارٹی 23اور مسلم لیگ ن کے21 امیدواروں سمیت الیکشن میں190آزاد امیدواروں نے بھی حصہ لیا، اسی طرح مسلم لیگ کے 14، جے یوآئی ف 11، اسلامی تحریک7 اور پی ایس پی کے4، ایم کیوایم 3، مجلس وحدت المسلمین 3اور جماعت کے 2امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا۔ الیکشن میں 7لاکھ 45 ہزار361 رجسٹرڈووٹرزنے حق رائے دہی استعمال کیا۔ان میں 4لاکھ سے زائد مرد ووٹرز اور 3لاکھ 35ہزار سے زائد خواتین ووٹرز نے ووٹ کاسٹ کیا۔ضلع دیامر 4،ضلع گانچھے 3،ضلع غذر3، ضلع گلگت3،ضلع ہنزہ، اسکردو میں انتخابی حلقوں میں عوام میں انتخابی امیدواروں کو ووٹ کاسٹ کیے۔