لاہور (ویب ڈیسک) سابق وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف نے اپنے یوٹیوب چینل کی ویڈیو میں دعوی کیا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان بابراعظم شاید اگلے ورلڈ کپ تک اپنی اپنی پوزیشنز پر برقرار نہ رہ سکیں ۔ 52 سالہ راشد لطیف نے دورہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی عمدہ کارکردگی کے امید ظاہر کی تاہم وہ مصباح الحق اور بابراعظم کے مستقبل کے بارے میں مایوسی کا شکار نظر آئے ۔ راشد لطیف کا کہنا تھا قومی ٹیم کو دورہ نیوزی لینڈ میں ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ میچز جیتنے چاہیئیں ، یہ کھلاڑی پاکستان کا مستقبل ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اظہر علی کی قومی ٹیم میں جگہ پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے
جب کہ اسد شفیق کو ڈراپ کیا جاچکا ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ اگے آنے والے ورلڈ کپ تک کوچ بھی تبدیل ہوجائے گا اور لگ نہیں رہا کہ بابراعظم کو بھی 6 ماہ سے زیادہ کپتان برقرار رکھا جائے گا۔ راشد لطیف کا مزید کہنا تھا کہ بابراعظم پاکستانی ٹیم کا واحد ورلڈ کلاس بلے باز ہیں اور کپتانی کے بوجھ کے سبب اس بات کا خطرہ ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ میں ان کی فارم خراب ہوسکتی ہے، پاکستان کرکٹ کا مستقبل انتہائی مشکل نظر آرہا ہے۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ نے پہلے ہی ٹیم تیار کرلی تھی اور اپنے لوگوں کو پہلے ہی بتادیا تھا، اب تو نیوزی لینڈ کے دورے پر ایک ’قبیلہ‘ ہی جارہا ہے لیکن قطع نظر اس کے ہم اب بھی پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کریں گے