Saturday November 30, 2024

وزیراعظم عمران خان کا گستاخانہ خاکوں کا معاملہ عالمی فورم پر اٹھانے کا اعلان

کراچی (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے فرانس میں رسول اللہ ﷺ کے گستاخانہ خاکے آویزاں کرنے کے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔ مٰیڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر مسلمان ممالک کے سربراہان کو الگ الگ خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے رسول اللہ ﷺ کی شان میں گستاخی کو عالمی فورم پر اجاگر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر رسول اللہ ﷺ کی گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،

حرمت رسول ﷺ کا معاملہ ہر پلیٹ فارم پر اٹھائیں گے۔ مسلم ممالک کو خط لکھنے کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ وزیراعظم مسلم ممالک کے سربراہان کو اتحاد و یکجہتی کی درخواست کریں گے، گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے تمام امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، اس صورتحال میں تمام عالم اسلام کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا، تمام دنیا کو رسول اللہﷺ سے عقیدت و محبت کا پیغام دیا جائے گا، اور مغرب میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان کو کم کرنے کی کوششیں کرنے کے حوالے سے بھی درخواست کی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق مسلم ممالک کے سربراہان کو خط لکھنے کے متعلق وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اراکین کو بھی آگاہ کیا۔ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر مذہبی امور کی تجویز پر ہفتہ عشق رسول ﷺ منانے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے ۔ واضح رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کی جانب سے اسلام مخالف بیانات سامنے آنے اور رسول اللہ ﷺ کے گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے بعد دنیا بھر کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں، پاکستان نے بھی احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے فرانس سے اپنا سفیر واپس بلانے پر غور شروع کردیا ہے ۔

FOLLOW US